وزیراعظم کو اکثریت کا اعتماد حاصل نہیں، مڈ ٹرم انتخابات کرائے جائیں: مسلم لیگ ن
اسلام آباد(آئی این پی) مسلم لیگ(ن) نے مڈ ٹرم الیکشن کرانے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ ملک جن گھمبیرحالات میں گھر چکا ہے، صرف فریش مینڈیٹ ملک کو اس صورتحال سے نکال سکتا ہے، وزیر اعظم کو اکثریت کا اعتماد حاصل نہیں ہے، ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ مڈ ٹرم الیکشن کی طرف جایا جائے،دو سال میں حکومت کے تمام تر وعدوں کے باوجود معیشت ٹیک آف کرنے کے بجائے کریش کر گئی، قوم کو مہنگائی اور غربت کے طوفان کے لئے تیار رہنا چاہیئے،اگلے ایک سال کی جو تصویر نظر آرہی ہے وہ بھیانک تصویر ہے،لگتا یہی ہے کہ پی ٹی آئی نے آخری بجٹ دے دیا ہے، سلیکٹڈوزیر اعظم سے لے کر جتنے بھی وزراء ہیں اس قدر جھوٹ بولتے ہیں، وہ جھوٹ اس لئے بولتے ہیں کہ کیونکہ ان کا کوئی اپنا ذہن نہیں ہے، ان کو جو کہا جاتا ہے وہ آکر بیان کر دیتے ہیں، طوطے کی طرح بولتے رہتے ہیں، عمران خان نے سارے کرپٹ اپنے ساتھ اکٹھے کر لئے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماؤں رانا ثناء اللہ خان، خواجہ آصف اور سینیٹر مشاہد اللہ خان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں الگ الگ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بجٹ میں جو حکومت کے اہداف تھے وہ پورے نہ ہوئے، اگلے ایک سال کی جو تصویر نظر آرہی ہے وہ بھیانک تصویر ہے ، سب سے بڑی ناکامی تو حکومت کی یہ ہے کہ دو سال میں تمام تر وعدوں کے باوجود معیشت ٹیک آف کرنے کے بجائے کریش کر گئی، اس صورتحال میں قوم کو مہنگائی اور غربت کے طوفان کے لئے تیار رہنا چاہیئے، خواجہ آصف نے کہا کہ جو بجٹ آج حکومت نے منظور کرایا ہے یہ بجٹ نہیں ہے یہ تو ایک شروعات ہے آنے والے دنوں میں جو کچھ ہونا ہے، خواجہ آصف نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن آج بھی متحد تھی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہاکہ بجٹ پاس ہو جاتاہے اور پاس ہو جانے چاہئیں، یہ حساب کتاب کا معاملہ ہو تاہے وہ بھی چلتے رہنا چاہیئے،لیکن لگتا یہی ہے کہ پی ٹی آئی نے آخری بجٹ دے دیا ہے جو انہوں نے عوام کے ساتھ کیا ہے اس کی ماضی میں کوئی تاریخ نہیں ہے ،سلیکٹڈ وزیر اعظم سے لے کر جتنے بھی ان کے وزراء ہیں اس قدر جھوٹ بولتے ہیں، وہ جھوٹ اس لئے بولتے ہیں کہ کیونکہ ان کا کوئی اپنا ذہن نہیں ہے، ان کو جو کہا جاتا ہے وہ آکر بیان کر دیتے ہیں، طوطے کی طرح بولتے رہتے ہیں، سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ عمران خان نے سارے کرپٹ اپنے ساتھ اکٹھے کر لئے ہیں،
مسلم لیگ ن