سٹاک ایکسچینج پر حملہ پاکستانی معیشت کو نقصان پہچانے کی سازش ہے: گورنر سندھ

  سٹاک ایکسچینج پر حملہ پاکستانی معیشت کو نقصان پہچانے کی سازش ہے: گورنر سندھ

  

کراچی(این این آئی) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی معیشت پر حملہ قرار دیا ہے۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاکہ انہیں شبہ ہے کہ اس حملے میں انٹرنیشنل ہاتھ ملوث ہے۔ یہ پاکستان کی اکانومی کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ قطعی طور پر فوراً نہیں کہا جا سکتا لیکن اس حملے کے پیچھے ہندوستان کی خفیہ ایجنسی را ملوث ہوسکتی ہے۔ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ کورونا کی وجہ سے تقریبا ہر ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے۔ پاکستان بھی اسی صورتحال کا سامنا کررہا ہے لیکن اس سے بھی کم سطح پر اس کی جی ڈی پی کی شرح نمو -0.4 فیصد رہ گئی ہے جبکہ اسپین، اٹلی کی معیشت منفی 12فیصد پر چلی گئی ہے، بھارت کی منفی 4.5 فیصد ہے تو بھارت کو یہ تکلیف ضرور ہوسکتی ہے کہ پاکستان کی معیشت کس طرح بچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں مودی کی بیوقوفی ہے اور یہاں عمران خان کی عقلمندی کی وجہ سے معیشت پر جو اثرات پڑے یہ اسے نشانہ بنانے کی کوشش ہوسکتی ہے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ ہم نے دہشت گردوں کو بری طرح پسپا کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ دہشت گردوں کو بھی سمجھ آگئی ہوگی کہ پاکستانی پولیس، رینجرز سو نہیں رہی۔قبل ازیں گورنر سندھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ توئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس حملے کا مقصد دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو نقصان پہنچانا ہے۔ آئی جی اور سیکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ قصوروار زندہ پکڑے جائیں اور ان کو مثالی سزا دی جائے۔ ہم ہر قیمت پر سندھ کا تحفظ کریں گے۔

گورنرسندھ

مزید :

صفحہ آخر -