مظفر آباد، مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کے قتل عام، بھارتی شہریوں کو ڈومیسائل اجرا کیخلاف احتجاج

مظفر آباد، مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کے قتل عام، بھارتی شہریوں کو ڈومیسائل ...

  

مظفرآباد (آئی این پی) مقبوضہ جموں کشمیر میں نوجوانوں کے قتل عام، متنازعہ ریاست میں بھارتی شہریوں کو ڈومیسائل دیئے جانے اور لائن آف کنٹرل پر نہتے شہریوں پر جارحیت کیخلاف اٹھمقام میں عوام سڑکوں پر نکل آئے۔تفصیلات کے مطابق اٹھمقام کے شہدائے بنتل چوک میں پَاسبانِ حُریت جموں کشمیر اور انٹر نیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام کشمیر میں نوجوانوں کے قتل عام پر بھارت کیخلاف احتجاجی دھرنا و ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد ماسک پہن کر بھارت کیخلاف احتجاج میں شریک ہوئی، مظاہرین نے بھارتی دہشت پسندی کیخلاف مذمتی بینرز اٹھا رکھے تھے، ریلی میں شریک لوگوں نے مودی اور بھارتی دہشت گردی کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اٹھمقام کی فضا خون رنگ لائے گا، انقلاب آئے گا، بھارت بھاگ جائے گا کے فلک شگاف نعرے سے گونجتی رہی،احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پَاسبانِ حُریت جموں کشمیر عُزِیراحمد غزالی نے کہا کہ ہندوستانی حکومت قابض افواج کے ذریعے گھناؤنے منصوبے کے تحت کشمیری نوجوانوں کا قتل عام کررہا ہے۔ بھارت متنازعہ ریاست جموں کشمیر میں ہندوستانی شہریوں کو ڈومیسائل جاری کرنے کے غیر قانونی اقدام سے ریاست کی وحدت،شناخت اور تشخص پر حملہ آور ہوچکا ہے۔ جس کی وجہ سے سوا دو کروڑ ریاستی باشندگان میں بھارت مخالف نفرت اور غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں پر بھارتی جارحیت قابل نفرت جرم ہے۔ بھارتی بزدل حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہیے کے جموں کشمیر ایک متنازعہ ریاست ہے، جس کے مستقبل کا فیصلہ ریاست کے عوام اپنی مرضی سے کریں گے۔ مشتاق السلام نے کہا کہ کشمیری عوام کے رہائشی مکانات کو بھارتی قابض فورسز بارود سے تباہ کر رہی ہے۔انسانی حقوق کی تنظیموں کو آگے بڑھ کر بھارتی ریاستی تشدد کو رکوانا چاہیے۔ ریلی سے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم نے خطاب میں کہا کے وہ وقت قریب ہے کے جب بھارت کے تمام جرائم کا حساب پورا کیا جائے گا۔ ریلی سے پاسبان حریت کے ضلعی صدر ملک شرافت حسین نے خطاب میں کہا کے آزاد کشمیر کے شہری مقبوضہ وادی میں ہو رہے قتل عام پر غم اور غصے کا اظہار کرتے ہیں۔ بھارتی افواج کے ہاتھوں قتل عام پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔

کشمیر احتجاج

مزید :

صفحہ آخر -