سوشل میڈیا پر متنازعہ اور گستاخانہ مواد کیخلاف موثر قانون بنا رہے ہیں: راجہ بشارت

  سوشل میڈیا پر متنازعہ اور گستاخانہ مواد کیخلاف موثر قانون بنا رہے ہیں: راجہ ...

  

لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخی کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اوران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔وہ سول سیکرٹریٹ میں جماعت اہلسنت کے علما ئے کرام کے وفد سے ملاقات کے دوران خطاب کر رہے تھے۔ملاقات میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا اور علما ئے کرام میں پیر سید منور حسین شاہ جماعتی، مفتی محمد اقبال، پیرزادہ اکرام رضا بغدادی، صاحبزادہ محمد عثمان غنی سمیت دیگر علما شامل تھے۔راجہ بشارت نے کہا کہ کسی کواس بات کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ کسی دوسرے مکتب فکر کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائے۔ ہماری حکومت نے نہ صرف اس حوالے سے قرار دادیں منظور کیں بلکہ صحابہ کرامؓ اور اہل بیت ؑ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف تاریخی قانون سازی بھی کی ہے۔ اس کے علاوہ گستاخانہ موادوالی کتابوں پر پابندی بھی لگائی اور مستقبل میں متحدہ علما بورڈ کو مذید مضبوط اور موثر بنانے کے حوالے سے مشاورت بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بھی متنازعہ اور گستاخانہ مواد کی روک تھام کے لئے ہماری حکومت نے کام شروع کردیا ہے جس کے لیے جامع اور موثر قانون بنایا جا رہا ہے۔علما ئے کرام نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کے ساتھ خاتم النیین لازمی لکھنے اور بولنے کی قرارداد منظورکرنے پر بھی ہم وزیر اعلی پنجاب کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

راجہ بشارت

مزید :

صفحہ آخر -