پنجاب حکومت کاراولپنڈی کے سیاحتی مقامات کو مری سے منسلک کرنے کا فیصلہ

  پنجاب حکومت کاراولپنڈی کے سیاحتی مقامات کو مری سے منسلک کرنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (لیڈی رپورٹر)پنجاب حکومت نے راولپنڈی کے مختلف سیاحتی مقامات کو مری کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت کوٹلی ستیاں، نڑھ، پنج پیر اور پرنڈلا کو براستہ بن کروڑ رابطہ سڑکوں کے ذریعے ملکہ کوہسار سے ملایا جائے گا۔ منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لئے مشیر وزیراعلیٰ برائے سیاحت آصف محمود نے کوٹلی ستیاں، پنج پیر، نڑھ اور پرنڈلا کے ٹورسٹ سپاٹس کا معائنہ کیا۔ رکن پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی،منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی تنویر جبار اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی بھی ان کے ساتھ تھے۔ مشیر سیاحت نے پلان کی تیاری پر کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوٹلی ستیاں، نڑھ، پنج پیر اور پرنڈلا خوبصورت لیکن چھپے ہوئے سیاحتی مقامات ہیں۔ بدقسمتی سے قدرتی حسن اور پوٹینشل کے باوجود ان مقامات کو نظرانداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سیاحت کے فروغ میں نہایت سنجیدہ ہیں۔ آصف محمود نے کہا کہ کوٹلی ستیاں، نڑھ اور پنج پیر کو مری سے ملانے سے سیاحوں کو فائدہ ہوگا کیونکہ سیاح ایک ہی پروگرام کے تحت ان علاقوں کی سیر کر سکیں گے۔ اس طرح نئے سیاحتی مقامات کی ترقی سے مری پر بھی بوجھ کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے راولپنڈی کے سیاحتی مقامات پر ٹی ڈی سی پی کے ریسٹ ہاؤس بنائیں گے۔ ان علاقوں کے مختلف پرفضا مقامات پر ریستوران اور کیمپنگ سائٹس بنانے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
سیاحتی مقامات

مزید :

صفحہ آخر -