گورنر سندھ عمرا ن اسماعیل کا عمر کوٹ کا دورہ، سیلانی لنگر سینٹر کا افتتاح کیا

    گورنر سندھ عمرا ن اسماعیل کا عمر کوٹ کا دورہ، سیلانی لنگر سینٹر کا افتتاح ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے عمر کوٹ شہر کا دورہ کیا، اراکین صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ، عزیز جی جی،مشیر گورنر سندھ علی جونیجو اور محمود مولوی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔گورنرسندھ نے عمر کوٹ میں احساس سیلانی لنگر سینٹر کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ احساس پروگرام سماجی شعبہ میں ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے،وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے شروع کئے گئے اس پروگرام کا مقصد مستحق اور ضرورت مند افراد کی مدد کرنا ہے اوراحساس لنگر سینٹرز بھی اسی مقصد کے تحت قائم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ میں احساس کیش کی تقسیم بھی کامیابی سے جاری ہے صوبہ کے تمام اضلاع میں احساس۔سیلانی لنگر سینٹرز قائم کریں گے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ آج عمر کوٹ میں لنگر سینٹر کا افتتاح کردیا گیا ہے اب اس سینٹر میں غریب افراد دو وقت کا کھانا کھا سکیں گے اور یہی ریاست مدینہ کا وژن بھی ہے کہ کوئی شخص بھی بھوکا نہ سو سکے، اس وقت لنگرکھاناکی جگہ پر 500 افراد کے کھانا کھانے کی گنجائش ہے اس لئے صوبائی حکومت سے درخواست کریں گے کہ وہ اس کار خیر کو بڑھانے کے لئے کم از کم 1500 افراد کے کھانا کھانے کی جگہ کا بندوبست کرے اسی طرح صوبہ کے دیگر اضلاع میں بھی لنگر کھانا کھولنے کی خواہش ہے اگر صوبائی حکومت نے جگہ فراہم کی تو احساس پروگرام، سیلانی کے ساتھ مل کر ہر ضلع میں لنگر سینٹرز قائم کرسکتا ہے۔ کراچی اسٹاک ایکس چینج پر دہشت گرد حملہ کے حوالہ سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ یہ بیرونی عناصر کی سازش لگتی ہے کیونکہ ملک دشمن قوتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان ترقی کرے اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے اور اس وائرس سے ہر ایک ملک کی معیشت بری طرح سے متاثر ہورہی ہے لیکن پاکستان کی معیشت پر اس کا اثر کم ہے جبکہ امریکہ کی معیشت پر منفی 8، اٹلی، اسپین کی معیشت پر منفی 12 اور دنیا میں سب سے پہلے کورونا فری ملک نیوزی لینڈ کی معیشت بھی منفی 4 فیصد متاثر ہوئی اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کورونا وائرس نے ملکی معیشت کو زیادہ متا ثر نہیں کیاجو کہ اللہ تعالیٰ کا ہمارے پر خاص کرم ہونے کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کی معاشی پالیسی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرکے شہر کو بڑے سانحہ سے محفوظ رکھا آج پوری قوم ان اداروں کی مشکور ہے، آپریشن میں حصہ لینے والے ہر سپاہی کو شاباش دیتا ہوں جنھوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر ملک دشمن عناصر کی سازش کو ناکام بنادیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ مقامی سطح پر مسائل کے حل میں بلدیاتی نظام اہم ثابت ہو سکتا ہے اس ضمن میں صوبائی حکومت کو چاہئے کہ وہ ایک بلدیاتی اداروں کو مضبوط اور مستحکم کرے تاکہ لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر ہی حل ہو سکیں۔ اتحادیوں کی ناراضگی کے حوالہ سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہاکہ ایسی کوئی بات نہیں دو دن قبل میری ملاقات گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما پیر صاحب پگارا سے ہوئی تھی اتحادیوں میں چھوٹے موٹے مسائل ہوتے رہتے ہیں جنھیں مل کر حل بھی کرلیا جا تا ہے یہ کہنا حکومتی اتحادی جماعتیں ناراض ہیں قطعی بے بنیاد باتیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتیں مخالفت برائے مخالفت کے ایجنڈے پر کاربند ہیں یہ لوگ عوام کی خدمت کرنے کے بجائے دیگر ایشوز پر اپنا وقت ضائع کررہے ہیں اور نیب جب انھیں طلب کرتا ہے تو یہ لوگ بیمار ہو جاتے ہیں ایک بات واضح کردوں کہ کوئی کتنا شوربھی مچا لے لیکن نیب کی جانب سے احتساب کا عمل بلا تعطل جاری رہے گااور یہ کسی صورت رکنے والا نہیں، اس وقت نیب میں 90 فیصد سے زائد کیسز موجودہ حکومت سے پہلے کے ہیں اور اب یہ تمام کیسز تحقیقات کے بعد حتمی مراحل میں ہیں اس وقت اپوزیشن کا احتجاج کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے،معلوم نہیں یہ لوگ کس قسم کا بجٹ چاہتے ہیں حالانکہ نئے بجٹ میں تو کوئی ٹیکس تک نہیں لگا۔ عمر کوٹ میں نہری پانی کی تقسیم کے ضمن میں کئے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ اس معاملہ پر متعلقہ حکام سے بات کروں گا۔

مزید :

صفحہ آخر -