پشاور‘ تجاوزات کیخلاف آپریشن‘ 84 افراد گرفتار

پشاور‘ تجاوزات کیخلاف آپریشن‘ 84 افراد گرفتار

  

پشاور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 84 افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور اہلکاروں نے گزشتہ ہفتے چارسدہ روڈ دلہ زاک روڈ فردوس اور صدر کے مختلف علاقوں اور بازاروں میں شہریوں کو تجاوزات رضا کارانہ طور پر ختم کرنے کی ہدایت کی اور انہیں اس سے سامنے آنے والی مشکلات بارے آگاہ کیا تاہم وہ ٹھس سے مس نہیں ہو رہے تھے جس پر سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے کارروائیاں کرتے ہوئے مذکورہ بالا علاقوں سے 84 افراد کو گرفتار کرلیا جن سے سامان ٹرمینل میں بند کر کے بعد ازاں جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ ایس ایس پی ٹریفک نے کہا ہے کہ تجاوزات قائم کرنے سے ٹریفک میں خلل اور لوگوں کو شدید مشکلات درپیش آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات مافیا رضاکارانہ طور پر تجاوزات کا خاتمہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -