مسائل سے نمٹنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں خوشگوار تعلقات ضروری، اسد قیصر

مسائل سے نمٹنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں خوشگوار تعلقات ضروری، اسد قیصر

  

  اسلام آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پارلیمان کی مضبوطی ہی جمہوریت کی حقیقی روح ہے، ملک کی ترقی اور درپیش چیلنجزوں پر قابوپانے کیلئے قانون سازی ضروری ہے جس کیلئے حکومت اور اپوزیشن کے مابین خوشگوار تعلقات کا ہونا ضروری ہے، قانون سازی، عوام کی فلاح کیلئے بنائی گئی پالیسیوں کیلئے فنڈز کا مختص کرنا اور حکومتی نمائندوں کی جوابدہی پارلیمان کی اولین ذمہ داری ہے، ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل پارلیمانی نظام کی مضبوطی میں ہی مضمر ہے۔ عالمی یوم پارلیمان کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر نے کہا کہ موجودہ حکومت پارلیمان کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے اور پارلیمان کو ایک فعال ادارہ بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے پارلیمان کی مضبوطی اور اسے مزید فعال اور محرک بنانے کیلئے حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔کورونا وائرس کی عالمی وباء کی وجہ سے پارلیمان کا کردار پہلے سے زیادہ اہمیت کا حامل ہو چکا ہے۔ وباء پر قابو پانے کے لیے قانون سازی کے ساتھ ساتھ عوامی نمائندوں کو عوام میں اس وباء کے متعلق شعور و آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے ڈبلیو ایچ او اور وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عملدآمد کو یقینی بنانے میں عوامی نمائندے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے عوامی نمائندوں کو اپنے حلقوں میں عوام کو ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر عملدآمد کرانے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔پارلیمان میں حزب اختلاف کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور اختلافات رائے جمہوریت کا حسن ہے تاہم حزب اختلاف کی طرف سے حکومتی پالیسیوں پر کی جانے والی تنقید صرف تنقید برائے تنقید نہیں ہونی چائیے بلکہ اسے اصلاحی اور تعمیر ی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کی کاروائی کے دوران ماحول کو سازگار بنانا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اسد قیصر

مزید :

پشاورصفحہ آخر -