مہمند‘ مویشی منڈیوں میں کورونا اور کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے سپرے جاری

  مہمند‘ مویشی منڈیوں میں کورونا اور کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے سپرے جاری

  

مہمند(نمائندہ پاکستان) مہمند، محکمہ لائیو سٹاک ضلع مہمند کی جانب سے اپر او لوئر مہمند مویشی منڈیوں میں کورونا اور کانگو وائرس سے بچاؤ کے لئے سپرے جاری، خصوصی ٹیموں کو کورونا ایس او پی کے مطابق حفاظتی سامان فراہم کرکے مصروف منڈیوں کو روانہ کیا گیا۔ آغاز میں یکہ غنڈ، لکڑو اور غلنئی میں بھیڑ بکریوں، گائے اور بھینسوں پر جراثیم کش سپرے کیا گیا۔ خصوصی مہم عیدالاضحی تک جاری رہیگی۔ تفصیلات کے مطابق قبائیلی ضلع مہمند محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے کورونا وائرس کے جانوروں کے ذریعے پھیلاؤ روکنے اور مال مویشیوں کو کانگو اور دیگر بیماریوں سے بچانے کی عرض سپرے مہم شروع کردیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک ضلع مہمند مفتی عبدالرازق نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عالمی وباء کورونا وائرس کی جانوروں کے ذریعے دوسرے علاقوں تک منتقلی کے سدباب کے طور پر اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں۔ محکمہ لائیو سٹاک ضلع مہمند کی خصوصی ٹیمیں اپر مہمند تحصیل صافی لکڑو مویشی منڈی، لوئر مہمند یکہ غنڈ اور ہیڈ کوارٹر غلنئی کو روانہ کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مویشی سپرے مہم پر مامور عملے کو ایس او پی کے مطابق ماسک، گلوز وغیرہ دینے کے ساتھ ساتھ جراثیم کش سپرے کی وافر مقدار فراہم کی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں محکمہ لائیو سٹاک ٹیموں نے لکڑو مویشی میلہ، یکہ غنڈ مویشی بازار اور غلنئی میں سینکڑوں مویشیوں پر کورونا، کانگو اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کا سپرے کیا گیا۔مفتی عبدالرازق نے بتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی اس جراثیم کش مہم کو توسیع دیکر ضلع مہمند کے داخلی اور خارجی راستوں کے علاوہ مویشی پال علاقوں میں بھی یہ سپرے کیا جائیگا۔ جو عید قربان تک جاری رہیگا۔ تاکہ عوام کورونا اور جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہونے والے بیماریوں کی خوف سے آزاد ہوکر سنت ابراہیمی اطمینان کے ساتھ ادا کرسکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -