سنتھیارچی کی درخواست پر پولیس کارحمان ملک کیخلاف اندراج مقدمہ سے انکار

  سنتھیارچی کی درخواست پر پولیس کارحمان ملک کیخلاف اندراج مقدمہ سے انکار

  

اسلام آباد(آئی این پی) اسلام آباد پولیس نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کی درخواست پر سابق وزیر داخلہ اور پی پی رہنما رحمان ملک کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی خاتون سنتھیا رچی کی رحمان ملک کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس نے جواب جمع کرا دیا۔پولیس رپورٹ کے مطابق سنتھیا رچی کی جانب سے رحمان ملک کے خلاف الزامات کا کوئی ثبوت نہیں ملا، سنتھیا کی درخواست مشکوک اور بظاہر بدنیتی پر مبنی ہے۔پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سنتھیا رچی کے پاس کسی قسم کا ثبوت نہیں ہے، وہ نہ درخواست میں اور نہ ہی پیشی کے دوران الزامات ثابت کرنے کے لیے کوئی ثبوت پیش کرسکی ہیں۔رپورٹ کے مطابق دھمکیوں کے الزامات کو ثابت کرنے کے لیے سنتھیا رچی نے کسی فون نمبر،تاریخ اور نہ ہی دھمکی کا وقت بتایا۔درخواست میں سنتھیا رچی نے آج سے 9 سال پہلے 2011 میں زنا بالجبر کا الزام لگایا تھا،ریکارڈ کے مطابق سنتھیارچی نے واقعے کے وقت تھانے میں کوئی درخواست نہیں دی جب کہ متعلقہ سفارت خانے کی طرف سے بھی اس وقت ایسی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سنتھیا رچی نے اس وقت پولیس یا کسی دیگر فورم پر تحریری یا زبانی شکایت درج نہیں کروائی جب کہ ان کے پاس کوئی میڈیکل سرٹیفکیٹ،ایم ایل آر بھی نہیں ہے۔

سنتھیارچی

مزید :

پشاورصفحہ آخر -