جامعہ حقانیہ کے حامد الحق حقانی سے افغان مہاجرین کمیٹی کی ملاقات
پبی (نما ئندہ پاکستان)افغان مہاجرین کی مرکزی کمیٹی نے اکوڑہ خٹک میں جمعیت علماء اسلام کے سربراہ اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی سے ملاقات کی، وفد کی قیادت مولانا محمد سعید ہاشمی اور کمیٹی کے چیئرمین حاجی ارسلا خان خروٹی نے کی،ملاقات میں کمیٹی کے اہم عہدے داروں نے مہاجرین کی مختلف مشکلات کے حوالے سے مولانا حامد الحق حقانی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان نے مہاجرین کی خدمت اور حفاظت میں ہمیشہ انصار کا کردار ادا کیا۔ اور سخت سے سخت وقت میں پاکستانی قوم نے ہماری مدد کی۔وفد نے مولاناحامد الحق حقانی کو یقین دلایا کہ افغان مہاجرین نے کبھی بھی کسی قسم کی دہشت گردی میں حصہ نہیں لیا، اور پاکستانی قوم کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، مولانا حقانی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کراچی میں حالیہ دہشت گردی کی بھرپور مذمت کی اور کہاکہ ایسی کاروائیوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں پاکستان اسلام کا قلعہ ہے،یہاں ایسی کاروائیاں بیرونی قوتوں اور ملک ودین دشمنوں کا شاخسانہ ہے، وفد نے حالیہ وبائی مرض کورونا وائرس کے پیش نظر افغان مہاجرین کو درپیش مسائل اورمشکلات سے مولانا حقانی کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان کی سفارش پر UNHCR کی جانب سے بارہ ہزار روپے نقد تعاون کا اعلان کیا گیا تھا،اسی حوالے سے افغان مہاجرین کی کمیٹی کو اقربا پروری،خوردبرد،غیر مستحقین میں رقوم کی تقسیم وغیرہ جیسی بہت سی شکایات درپیش ہیں،اس کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں آباد افغان مہاجرین کیمپوں میں جبراً بے دخلی اور دیگر مشکلات کا بھی سامنا ہے،افغان مہاجرین کو سرحد پار آنے جانے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،وفد نے مولانا حامد الحق حقانی کو افغان مہاجرین کیمپوں میں صحت اورعلاج معالجہ کی سہولیات،تعلیمی اداروں، صاف پانی کی ترسیل،وغیرہ جیسی اہم بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اپنی مشکلات سے آگاہ کیا۔ مولانا حامد الحق حقانی نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں انفرادی اور اجتماعی طور پر ہر ممکن قدم اٹھائیں گے، مولانا حقانی نے کہاکہ پاکستان اور افغان عوام کے درمیان اعتماد اور انصار مدینہ جیسے تعلق کو مزید فروغ دینا چاہیے۔مولانا حقانی نے کہاکہ ان شا ء اللہ افغانستان میں جلد امن کا دور آئے گااور خطے کی مشکلات کم ہوں گی۔