پاکستان سنٹر راس الخیمہ کی طرف سے خون کا عطیہ دینے کے لیے کیمپ کا انعقاد

پاکستان سنٹر راس الخیمہ کی طرف سے خون کا عطیہ دینے کے لیے کیمپ کا انعقاد
پاکستان سنٹر راس الخیمہ کی طرف سے خون کا عطیہ دینے کے لیے کیمپ کا انعقاد

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) راس الخیمہ میں قائم اوورسیز پاکستانیز کے فلاحی ادارے پاکستان سنٹر راس الخیمہ نے وہاں کے ایک سرکاری ہسپتال الصقر کے تعاون سے پاکستان سنٹر میں خون کا عطیہ دینے والوں کا کیمپ لگایا جس میں سینکڑوں افراد نے خود کا عطیہ دینے کی پیشکش کی۔

پاکستان سنٹر اور الصقر ہسپتال راس الخیمہ کے تعاون سے لگائے گئے اس کیمپ میں سب سے پہلے پاکستان سنٹر کے اراکین سرفرازچیمہ، انعام اللہ خان، عبدالرحمن، عارف خان، نادر خان، سید شاہد علی، دوست محمد، سلطان مروت، محمد نعیم، محمد جاوید، حاجی نواب خان اور کمیونٹی سٹاف احمد کے علاوہ بہت سے پاکستانیوں نے رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دیا۔ خون کا عطیہ دینے کے لیے کیمپ صبح 8بجے شروع ہوا اور شام تین بجے ختم ہوا۔ ہسپتال کے ڈاکٹر محمد جان نے کہا کہ جس قدر خون ہمیں درکار تھا وہ ہمیں مل گیا ہے لہٰذا باقیماندہ لوگ واپس جاسکتے ہیں۔ اس طرح بہت سے لوگوں کو خون دئیے بغیر ہی واپس لوٹنا پڑا۔

الصقر ہسپتال کی انتظامیہ نے خون کا عطیہ دینے والے پاکستانیوں کے جذبہ کو سراہا اور کیمپ کے انعقاد پر پاکستان سنٹر کی انتظامیہ اور ارکان کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان سنٹر کے ویلفیئر سیکرٹری سید شاہد علی نے بتایا کہ خون کے عطیہ کے کیمپ کے انتظامات حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق تھے، لوگوں میں سوشل ڈسٹینس (سماجی فاصلہ) کا بھی خیال رکھا گیا جبکہ راس الخیمہ کی پولیس بھی وہاں موجود رہی۔

پاکستان سنٹر نے 600 سے زائد لوگوں کو راشن بھی تقسیم کیا۔ پاکستان سنٹر راس الخیمہ کے ذمہ داران نے بتایا کہ راس الخیمہ اور اس کے قرب و جوار کے علاقوں میں بہت سے ایسے لوگ تھے جنہیں راشن کی اشد ضرورت تھی لہٰذا ان 600 لوگوں کو روزمرہ کے استعمال کی اشیائے خوردونوش فراہم کی گئیں۔ پاکستان سنٹر راس الخیمہ کی انتظامیہ نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کے ان کاموں کو مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے اور اپنی کمیونٹی کی بھرپور خدمت کریں گے۔ بلڈ کیمپ کے انعقاد اور راشن کی تقسیم پر راس الخیمہ کی پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان سنٹر کی کارکردگی کو سراہا ہے اور خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -