برطانیہ نے بھی پی آئی اے پر پابندی لگا دی،پاکستانیوں پر بجلیاں گرا دیں
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)یورپی یونین ائیر سیفٹی ایجنسی کے بعد برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی پی آئی اے کی پروازیں معطل کر دیں، برمنگھم، لندن اور مانچسٹر سے پی آئی اے کی پروازیں معطل کی جا رہی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ برطانیہ یورپئین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے فیصلے کے تناظر میں پروازیں معطل کر رہے ہیں۔ ترجمان سی اے اے برطانیہ قانون کے مطابق ای اے ایس اے کے فیصلے کے بعد پروازیں معطل کرنے کے پابند ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یورپی یونین ائیر سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی یورپی ملکوں کے لیے فضائی آپریشن کا اجازت نامہ چھ ماہ کے لیے معطل کردیا تھا ،جس کے بعد پی آئی اے کی پروازیں یورپ میں کسی جگہ لینڈ نہیں ہو پائیں گی،حکومت کی جانب سے جن پائلٹس کے لائسنس مشتبہ قرار دئیے گئے ہیں جب تک وہ کلیئر نہیں ہو جاتے تب تک یورپی یونین کے ممالک میں نہیں آسکتے ۔معطلی کا اطلاق یکم جولائی 2020کو رات 12بجے یورپی ٹائم کے مطابق ہو گا۔ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ پی آئی اے یورپی فضائی سیفٹی کے اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کے خدشات کو دور کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہے ۔جن مسافروں کے پاس پی آئی اے کی بکنگ ہے وہ بکنگ آگے کروا سکتے ہیں یا ریفنڈلے سکتے ہیں ۔