یونیورسٹی طالبہ سے جنسی زیادتی کا مقدمہ، آسٹریلین کرکٹر کی 5 سالہ سزا کیخلاف اپیل پر فیصلہ سنا دیا گیا
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانوی عدالت نے یونیورسٹی طالبہ سے جنسی زیادتی کے مقدمے میں آسٹریلین کرکٹر ایلکس کی 5 سالہ سزا کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے سزا کو برقرار رکھا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی عدالت نے آسٹریلین کرکٹر ایلکس ہیپرن کو طالبہ سے جنسی زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر گزشتہ سال اپریل میں پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی جس کیخلاف کرکٹر نے اپیل کر رکھی تھی تاہم عدالت نے سماعت کے بعد اپیل خارج کرتے ہوئے 5 سال سزا کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ آسٹریلوی آل راو¿نڈر نے ہوٹل میں سوتی ہوئی یونیورسٹی کی 24 سالہ طالبہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایلکس ہیپرن نے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی کارروائی میں شرکت کی، عدالت نے ان کی اپیل خارج کردی جس کے بعد کرکٹر کو پانچ سال جیل میں رہنا پڑے گا۔ 24 سالہ کرکٹر نے جمعرات کی صبح ساڑھے دس بجے انگلینڈ اینڈ ویلز کی دوسری سینئر ترین عدالت میں سزا کے خلاف اپیل دائر کی تھی جسے خارج کردیا گیا ہے۔لارڈ چیف جسٹس لارڈ برنیٹ اور دو دیگر سینئر ججز نے ہیپرن کے خلاف اپیل پر فیصلہ سنایا، ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ کرکٹر سزا کو کس بنیاد پر دوبارہ چیلنج کریں گے۔