اعجاز جکھرانی کی گرفتاری کیلئے جانے والی نیب ٹیم پر حملہ ، غفلت برتنے پرایس ایچ او کو بڑی سزا دے دی گئی

اعجاز جکھرانی کی گرفتاری کیلئے جانے والی نیب ٹیم پر حملہ ، غفلت برتنے پرایس ...
اعجاز جکھرانی کی گرفتاری کیلئے جانے والی نیب ٹیم پر حملہ ، غفلت برتنے پرایس ایچ او کو بڑی سزا دے دی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جیکب آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) نےپیپلز پارٹی لاڑکانہ ڈویژن کےصدراوروزیرِاعلیٰ سندھ کےمعاونِ خصوصی میراعجازخان جکھرانی کی گرفتاری کیلئے جانیوالی قومی احتساب بیورو( نیب) ٹیم پرحملے کے وقت غفلت برتنے پرایس ایچ او اعجاز کھوسو کومعطل کرتے ہوئے محمد شریف مہر کو اضافی چارج دے دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایس ایس پی نے اعجاز جکھرانی کی گرفتاری کیلئے جانیوالی نیب ٹیم پرحملے کے وقت غفلت پرایس ایچ او اعجاز کھوسو کومعطل کردیا، سی آئی اے انچارج محمد شریف مہر کو اضافی چارج دے دیاگیا ہے۔ایس ایچ او شریف مہر نے کہا کہ نیب کا مدعی آئے تو مقدمہ درج کرنے کوتیار ہیں ، 2روزقبل نیب ٹیم پر اعجاز جکھرانی کے گھر پر حملہ ،تشدد اور پتھراؤ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب نیب نے اعجاز جکھرانی سمیت دیگرافرادکیخلاف مقدمے کیلئے پولیس سے رابطہ کرکے تحریری وقوعہ رپورٹ پولیس کے پاس جمع کرادی ہے۔ پولیس ذرائع نے کہا کہ ایس ایس پی جیکب آباد نے متن متعلقہ پولیس کے حوالے کردیا، تاحال ایس ایس پی نے ایف آئی کیلئے متعلقہ تھانے کو احکامات نہیں دیے ۔ذرائع کے مطابق ایس ایس پی نے جواب میں کہا ہے کہ آئی جی سندھ سے اجازت کے بعدمقدمہ درج ہوگا۔

وقوعہ رپورٹ نیب نے انسپکٹرعبدالرزاق سروہی کے نام سے جمع کرائی ہے، رپورٹ کے متن میں کہا ہے کہ ٹیم 28جون کوچوہدری شہزاد کی سربراہی میں اعجاز جکھرانی کی رہائش گاہ پہنچی، مجیب الرحمان جکھرانی نے کہااعجازجکھرانی گھرمیں ہیں بلا کرلاتا ہوں، اعجازجکھرانی کے فرزندرافع جکھرانی ساتھیوں سمیت بیٹھک پر آئے ، رافع جکھرانی نے نیب ٹیم کو یرغمال بنا کرجان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

رپورٹ کےمطابق رافع جکھرانی نےبیٹھک کےباہرقبیلے کےدو ہزارافراد جمع کرکےاعجاز جکھرانی کوفرارکرادیا جبکہ ہجوم کیساتھ ملکرنیب ٹیم پر فائرنگ اور تشدد کیا،گاڑیوں کے شیشے توڑے ، نیب ٹیم کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جاتی رہیں، حملے سے نیب ٹیم نے موقع سے بھاگ کراپنی جان بچائی تھی۔