دعا زہرہ کو کراچی منتقل کرنے کیلئے سندھ پولیس کی ٹیم لاہور پہنچ گئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) کراچی کی مقامی عدالت کی جانب سے دعا زہرا کے میڈیکل کے لیے بورڈ بنانے اور کیس کی مزید تفتیش کے حکم کے بعد سندھ پولیس دعا زہرا کو کراچی منتقل کرنے کیلئے لاہور پہنچ گئی ہے۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز "نے تفتیشی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ محکمہ داخلہ سندھ نے دعا زہرا کو کراچی منتقل کرنے کی اجازت دے دی ہےپولیس ٹیم لاہورکی متعلقہ پولیس اور حکام کی اجازت کے بعد دعا زہرا کو کراچی منتقل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کراچی کی مقامی عدالت نے 25 جون کو جاری کیے جانے والے فیصلے میں دعا زہرا کے میڈیکل کے لیے بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا،عدالت نے کہا تھا کہ کیس کی مزید تحقیقات اور میڈیکل بورڈ بنانےکا حکم دے دیتے ہیں، عمر کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے لیے سیکرٹری صحت کو لکھیں گے، سیکرٹری صحت میڈیکل بورڈ سے متعلق عدالت کو بھی آگاہ کریں، بچی کو یہاں لے کر آئیں یا وہاں میڈیکل کرائیں یہ پراسیکیوشن کا مسئلہ ہے۔
واضح رہے کہ دعا زہرا نے کچھ روز قبل انٹرویو کے دوران اپنے والدین سے درخواست کی تھی کہ ضد چھوڑ دیں ،مجھے اور میرے شوہر کو قبول کر لیں۔