لیبر ایگریمنٹ طے، ساڑھے 3 لاکھ پاکستانیوں کو جاپان کا ویزا ملے گا، جاپانی پولیٹیکل قونصلر نے پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی

لیبر ایگریمنٹ طے، ساڑھے 3 لاکھ پاکستانیوں کو جاپان کا ویزا ملے گا، جاپانی ...
 لیبر ایگریمنٹ طے، ساڑھے 3 لاکھ پاکستانیوں کو جاپان کا ویزا ملے گا، جاپانی پولیٹیکل قونصلر نے پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) جاپان کے پولیٹیکل قونصلر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان لیبر ایگریمنٹ طے پا چکا ہے جس کے نتیجے میں ساڑھے تین لاکھ پاکستانیوں کو جاپان کے ویزے جاری کیے جائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما  غلام عباس کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاپانی پولیٹیکل قونصلر نے کہا کہ لیبر کے حوالے سے 72 سال بعد  پاکستان کا جاپان کے ساتھ ایگریمنٹ ہوا ہےجس سے ساڑھے تین لاکھ پاکستانیوں کو جاپان کا ویزا ملے گا۔ جاپانی پولیٹیکل قونصلر ناکاگاوا یوشی  ماڈل ٹاؤن میں پاکستان تحریک انصاف  کے رہنما غلام عباس سے ملاقات کرنے پہنچےجہاں انہو ں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  حکومت بے شک تبدیل ہو پالیسیاں تبدیل نہیں ہونی چاہئیں۔پاکستان میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے ہم نیوٹرل ہیں۔ ہم پارٹیوں سے نہیں ریاست سے مذاکرات کرتے ہیں۔پاکستان اور  جاپان دیرینہ دوست ہیں ، ہم نے یہاں کافی سرمایہ کاری کی ہے۔زراعت کے ساتھ ہیومین ریسورس میں پاکستان کے ساتھ مزید کام کرنا چاہتے ہیں۔آئی ٹی سیکٹر میں پاکستانی لوگ جاپان کیساتھ مزید کام کرسکتے ہیں۔

جاپانی پولیٹیکل قونصلر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوری نظام ہے جس میں کچھ مشکلات ہیں۔سیاسی استحکام کے لئے ابھی مزید وقت لگے گا۔پنجاب کے دورے کا مقصد زمینی حقائق کا جائزہ لینا ہے۔ پاکستان کے لئے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے۔

اس موقع پر  تحریک انصاف غلام عباس کا کہنا تھا کہ ہمیشہ جاپان حکومت نے پاکستان کو سپورٹ کیا ہے۔تحریک انصاف کی حکومت میں  لیبر معاہدوں کے لیے  دس بار جاپان گیا۔72 سال بعد جاپان سے لیبر کا معاہدہ طے پایا ہے ،اب ساڑھے تین لاکھ پاکستانی جاپان کام کرنے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ جاپان سے پاکستان کے تعلقات مزید بہتر اور مضبوط ہونگے۔پاور سیکٹر میں خاص طور پر جاپان نے ہماری مدد کی۔جاپان کو پاور سیکٹر میں پاکستان میں  سولر اور ونڈ سیکٹر میں کام کرنا چاہیے جس سے عام آدمی کو فائدہ ہوگا۔جاپان حکومت پاور سیکٹر میں ایسے پراجیکٹ کرے جو شارٹ ٹرم ہوں۔جاپان سے پاکستان کو گاڑیوں اور دیگر سیکٹرز میں ٹیکنالوجی سے فائدہ ملا ہے۔دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے جاپانی زبان سکھانے کے حوالے سے ادارے بھی بنائے جارہے ہیں۔