ویمنز ورلڈ ٹی 20 ،ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو ہرا کرمسلسل تیسری اورجنوبی افریقہ نے آئرلینڈ کو ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کر لی

ویمنز ورلڈ ٹی 20 ،ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو ہرا کرمسلسل تیسری اورجنوبی افریقہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سلہٹ (سپورٹس ڈیسک) چوتھے آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے ہرا کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی۔ فاتح ٹیم نے 85 رنز کا آسان ہدف 15 اوورز میں صرف دو وکٹوں پر پورا کیا۔ شینل ڈیلے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ بنگلہ دیش میں جاری میگا ایونٹ میں گروپ بی کے میچ میں سری لنکا کی ویمن ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 16.5 اوورز میں 84 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ یاسودا مینڈس 21 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہیں۔ شینل ڈیلے نے 4 اور ٹریمائن سمارٹ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے سیرا ٹیلر کی شاندار اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف 15 اوورز میں 2 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ سیرا ٹیلر 56 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔


 چوتھے آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں جنوبی افریقہ نے آئرلینڈ کو ہرا کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ ہفتہ کو سلہٹ میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے گروپ اے کے میچ میں جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 165 رنز بنائے، لیزل لی 43 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہیں۔ ایمی کنیلی، ایسوبیل جائس، ایمیئر رچرڈسن اور الینا ٹائس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 15.1 اوور میں 79 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ میری ویلڈرون 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ شبنم اسماعیل اور وان نائیکرک نے تین، تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔