اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا قیام

اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا قیام
اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا قیام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سمندر پار پاکستانیوں کے لئے حکومتِ پنجاب کا مستحسن اقدام


دہشت گردی ، انتہاپسندی اور دیگر نامساعد حالات اور چیلنجوں کے باوجود پاکستان کی تعمیر و ترقی میں جہاں ملک کا ہر فرد جانفشانی اور لگن سے دن رات محنت کر رہا ہے وہیں اپنے والدین اور عزیز رشتہ داروں سے سینکڑوں میل دور ملک کی خدمت کرنے والے سمندرپار پاکستانی بھی ہیں، جو ناصرف قیمتی زرمبادلہ کے ذریعے پاکستانی کی معیشت کو استحکام دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، بلکہ اپنے مثبت رویوں اور شاندار اقدار کے ذریعے ملک کا نام بھی روشن کر رہے ہیں اوراغیار عالم میں پاکستان اور پاکستانی عوام کے بارے میں غلط تاثر کو دور کرکے پاکستان کا مثبت تشخص ابھارنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان تارکین وطن پاکستانیوں کے اہلِ خانہ کو عرصہ دراز سے بہت سے مسائل کا سامنا رہا ہے جن میں سب سے اہم قبضہ گروپوں کا اوورسیزپاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضہ ہے ۔ آج سے پہلے کسی بھی حکومت نے سمندرپار بسنے والے ان پاکستانیوں کے مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی تھی، تاہم یہ اعزاز بھی بحیثیت وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو ہی حاصل ہوا ہے کہ انہوں نے کچھ عرصہ پہلے ان سمندرپار پاکستانی بھائیوں کے مسائل کے فی الفور اور ایک ہی چھت تلے حل کو یقینی بنانے کے لئے قانون سازی کرکے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب قائم کرنے کے عزم کیا اور گزشتہ روز محمد شہباز شریف کا یہ عزم اور خواب تعمیر کی شکل میں ظاہر ہوا جب انہوں نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی قومی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار اداکررہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیزاپنی محنت سے کمائے گئے 15ارب ڈالر ہر سال پاکستان بھجوا کر ملک وقوم کی ایسی خدمت کررہے ہیں جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ ملک وقوم کی خدمت او رمعیشت کی بہتری کے لئے سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سمندر پار رہنے والے ہم وطن پاکستان کے ایسے حقیقی سفیر ہیں، جنہوں نے اپنی محنت کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔پنجاب حکومت نے پاکستان کے ان حقیقی سفیروں کے مسائل کے فوری حل کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب تشکیل دیاہے۔یہ آئینی ادارہ اوورسیز پاکستانیز کی شکایات کے ازالے کے لئے فوری طو رپر اقدامات کرے گا۔ دیار غیر میں اپنی محنت کے ذریعے پاکستان کا نام بلند کرنے والے ہمارے سروں کے تاج ہیں ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے اور کسی کو ان کی جائیدادوں پر ڈاکہ ڈالنے اور قبضے کی اجازت نہیں دیں گے،انہیں مکمل عزت واحترام دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے اوورسیز پاکستانیز کمیشن ، پنجاب کے باقاعدہ افتتاح سے بے حد خوشی ہو رہی ہے اور آج ایک تاریخی دن ہے جب 15ارب ڈالر سالانہ پاکستان بھجوانے والوں اور قومی تجارت میں توازن پیدا کرنے والوں کے لئے ایک ایسا آئینی ادارہ معرض وجود میں آیاہے، جو سمندرپار پاکستانیوں کی شکایات کے فی الفور ازالے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی ملک کی خارجہ پالیسی اس کی اندرونی کہانی کا عکاس ہوتی ہے، جس ملک میں انتشار ہو اس کی خارجہ پالیسی کمز ور اورجو ملک مضبوط ہو اس کی خارجہ پالیسی بھی مضبوط ہوتی ہے ۔اوورسیز پاکستانیز ملک کو معاشی طورپر مضبوط کرنے میں جو کردار ادا کر رہے ہیں اس پر ان کے شکر گزار ہیں۔ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی انجینئرز ، ڈاکٹرز ، محنت کش اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والوں کے دکھ بانٹنے اوران کی تکالیف کے ازالے کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن ،پنجاب نے کام شروع کردیاہے ۔


وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے سابقہ دور حکومت میں گرین چینل کے ذریعے ائیر پورٹس پر اوورسیز پاکستانیوں کو سہولتیں فراہم کیں او رآج پھر وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہی پنجاب میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا آئینی ادارہ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسائل اگرچہ راتوں رات تو حل نہیں کئے جاسکتے، لیکن وعدہ کرتاہوں کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر او رکوتاہی برداشت نہیں کروں گا ۔کسی لالچی ،راشی ، بددیانت اور قبضہ گروپ کی ملی بھگت سے کسی کو ان محب وطن عظیم پاکستانیوں کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ انہوں نے صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری ،انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے قیام کے بعد کو ئی شکایت نہیں آئی چاہئے۔تمام افسران سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اگر کسی جگہ پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں تاخیر ہوئی تو اسے معاف نہیں کروں گا ،سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے ہر وہ قدم اٹھا یا جائے گا، جس سے ان کو عزت واحترام ملے او رکوئی ان کی خون پسینے کی کمائی لوٹ نہ سکے۔


انہوں نے کہاکہ پام آئل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے تناسب سے ہم نے عوام کو گھی او رآئل کی قیمتوں میں کمی کر کے ریلیف فراہم کیا،اسی طرح کسانوں کے حقوق کا بھی مکمل تحفظ کریں گے ۔اگرچہ اس سال گندم کی فصل اچھی ہے لیکن عالمی مارکیٹ میں گندم کی قیمت کم ہونے کے باوجود اپنے کاشتکاروں کو اس کساد بازاری سے دوچار نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پنجا ب حکومت نے گنے کے کاشتکاروں کے حقوق کا بھی تحفظ کیاہے اورانہیں 180روپے فی من کے حساب سے ادائیگی یقینی بنائی ہے، جبکہ ایک صوبے میں 155روپے گنے کی قیمت مقرر کی گئی ،لیکن ہم نے چھوٹے کاشتکاروں کا تحفظ کیا اورآئندہ بھی کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ نظام کو درست ہونا پڑے گا او راگر نظام درست نہ ہوا تواس نظام کا تیا پانچہ ہوجائے گا اور پھر وہ نظام آئے گا جو غریبوں اور لاچاروں کا ہوگا، لیکن ہمیں موجودہ صورتحال کا فوری تدارک کرناہے اوراس نظام کو منصفانہ بنانے کے لئے محنت، دیانت اور امانت سے کام کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن، کمیشن مافیا کا خاتمہ کرے گا اور ہم ایک ایسا نیا نظام کی بنیاد ڈال رہے ہیں، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کو انصاف ملے گا او رمیں خود ہر ماہ اس کمیشن کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا ۔


انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن، پنجاب کے قیام پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتاہوں کمیشن قومی جذبے او رمحنت سے کام کرے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ربن کاٹ کر اوورسیز پاکستانیز کمیشن، پنجاب کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن ،پنجاب خالد شاہین بٹ اورکمشنر افضال بھٹی نے کمیشن کے اغراض و مقاصد ، شکایات کے ازالہ کے لئے طریقہ کار جبکہ چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے شکایات کے ازالہ کے خود کار سسٹم پر روشنی ڈالی۔پاکستان مسلم لیگ(ن) مڈل ایسٹ کے صدر نور الحسن تنویر نے اپنے خطاب میں کہاکہ شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن ،پنجاب قائم کر کے ہمار ا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیاہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت ملک کے مسائل کو سمجھتی ہے او ر انہیں حل کرنے کی اہلیت بھی رکھتی ہے۔ پارٹی قیادت نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے خوابوں کو تعبیر دینے کے لئے دن رات ایک کررکھاہے ۔یورپ سے وقارملک نے کہاکہ قائداعظمؒ نے پاکستان بنایا تھا او رپاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پاکستان کو ترقی کی اس نہج پر پہنچایاہے، جس پر ہم بجا طور پر فخر کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزراء رانا مشہود احمدخان، حمید ہ وحید الدین ، اراکین اسمبلی اور اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔


وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن خالد شاہین بٹ،کمشنر افضال بھٹی ، پنجاب ا نفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف ،صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) مشرق وسطی نور الحسن تنویر اور دیگر نے تقریب سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن، پنجاب کے باقاعدہ افتتاح کی تقریب سے خوشگوار انداز میں خطاب کیا اورموقع کی مناسبت سے خوبصورت ضرب المثل کا استعمال کیا، جس پراوورسیز پاکستانیوں نے انہیں بھر پور داد دی ۔ وزیراعلیٰ نے اوورسیز پاکستانیو ں کی جانب سے ہر سال 15ارب ڈالر بھجوانے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کی خون پسینے کی کمائی سے پاکستان معاشی طو رپر مضبوط ہو رہاہے اور آپ سب جانتے ہیں کہ ’’جس کے گھر دانے اس کے کملے بھی سیانے‘‘۔ وزیراعلیٰ نے ایک موقع پر کہاکہ معاشی طو رپر مضبوط ملکوں کی خارجہ پالیسی بھی مضبوط ہوتی ہے اور اس کی مثال ایسے ہی ہے جیسے ’’ جس کی لاٹھی اسی کی بھینس ‘‘۔فرسودہ نظام کا ذکر کرتے ہوئے ا نہوں نے کہاکہ اس نظام کو ڈلیور کرنا پڑے گا ورنہ یہ نظام سب کچھ الٹا دے گااورہم سب کو ’’اب پچھتائے کیاہوت جب چڑیا ں چگ گئیں کھیت‘‘ جیسی صورت حال سے بچنے کے لئے نظام کی تبدیلی کے لئے محنت اور دیانت کو اپنانا ہوگا ۔شہبازشریف نے ایک موقع پر بتایاکہ انہوں نے گزشتہ چھ سال سے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے کوئی نئی گاڑی نہیں خریدی اور اس حوالے سے بعض اوقات بے پرکی خبریں اڑائی جاتی رہی ہیں۔ تقریب کے دوران اوورسیز پاکستانیو ں نے کمیشن کے قیام پر وزیراعلیٰ شہبازشریف زندہ باد کے نعرے لگائے اورخراج تحسین پیش کیا۔


اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب کا قیام درحقیقت دیارغیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے ایک شاندار کاوش ہے، کیونکہ یہ ایک موثر اور فعال کمیشن ہے جو اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے لئے ایک سسٹم کے تحت کام کرکے اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کو بحال کرے گا۔ اس کمیشن میں پولیس، ریونیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کی سینئر ٹیم اپنے بھرپور اختیار استعمال کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرے گی۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے تمام اضلاع کی سطح پر ضلعی کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں، پورا ایک سسٹم تشکیل دیا گیا ہے۔ کمیشن کی ویب سائٹ اور کمپلینٹ سیل قائم کئے گئے ہیں، جہاں آن لائن شکایات کی وصولی کے لئے کمپلینٹ پورٹل بنایاگیا ہے۔ بیرون ملک پاکستانیز سفارت خانوں میں اس حوالے سے فوکل پرسن تعینات کئے گئے ہیں۔ پورے سسٹم کو آئی ٹی کے ذریعے منسلک کیا گیا ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے انوسٹمنٹ ہیلپ ڈیسک قائم کیاگیا ہے۔اِسی طرح وفاقی حکومت کے اداروں ایف آئی اے، پی آئی اے، نادرا اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سے متعلقہ مسائل کو ان محکموں کے ساتھ فوری رابطہ کرکے حل کرنے کے لئے بھی سسٹم کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔امید کی جاتی ہے کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی اس کاوش کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال ہوگا اور وہ ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ ہوں گے۔

مزید :

کالم -