گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی کا تاریخی پیکیج

گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی کا تاریخی پیکیج
گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی کا تاریخی پیکیج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کسی بھی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ عام آدمی حکومت کے اقدامات سے کس قدر مستفید ہو رہا ہے۔عوام الناس حکومتی کارکردگی کو جانچنے کے لئے یہ بھی دیکھتے ہیں کہ ان کے کچن کا خرچ کچھ کم ہوا یا نہیں۔حالیہ دنوں میں حکومت پنجاب کی کارکردگی دیکھتے ہوئے یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ گھی اور تیل جیسی روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کر کے حکومت نے عام آدمی کے کچن کے اخراجات میں نمایاں کمی کی ہے۔
جیسے ہی عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی سامنے آئی حکومت پنجاب نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی کا درست فیصلہ لیا۔فیصلے کے مطابق گھی اور آئل کی قیمتوں میں 15روپے فی کلوگرام/لیٹرکمی کی گئی۔ اس سلسلے میں صوبائی کابینہ کمیٹیوں نے بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ساتھ پے در پے میٹنگز کیں تاکہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے فوائدبراہ راست عوام تک پہنچائے جا سکیں۔ دونوں اطراف کے دلائل سنے گئے اور فیصلہ یہی ہوا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق پورے ملک پر ہو گا اور نئی قیمتیں پیکنگ پر درج ہوں گی۔ دکاندار اپنے دکانوں پر نئے نرخوں کی فہرستیں نمایاں طور پر آویزاں کرنے کے پابندہیں۔ حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ عام آدمی کا مفاد اسے سب سے زیادہ عزیز ہے اور عوام کو معاشی ریلیف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ اس سے پہلے بھی حکومت کی مسلسل نگرانی اور درست حکمت عملی کے باعث سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور اب اعلیٰ معیار کی اشیاء مارکیٹ میں وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات بھی عوام تک موثر حکمت عملی کے ذریعے پہنچائے گئے ہیں۔


حکومت پنجاب نے گھی اور کوکنگ آئل کی نئے نرخوں کے مطابق فراہمی یقینی بنانے کے لئے خصوصی شکایت سیل بھی محکمہ انڈسٹری کے تحت قائم کیا ہے۔اس سلسلہ میں پنجاب بھر کی دکانوں پر گھی اور آئل نئی قیمتوں پر دستیاب نہ ہونے، ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے ، گھی کے پیکٹ یا ڈبے پر کمپنی کا مکمل پتہ آویزاں نہ کرنے اور وزن کم ہونے کی شکایت کے لئے عوام الناس 042-99210534-5 یا متعلقہ ڈی سی او آفس رابطہ کر سکتے ہیں تاکہ ان کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔اس سے قبل بھی مقررہ نرخ سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف شکایت کے لئے ٹال فری نمبر 0800-02345 دیا جاچکا ہے۔اس کے علاوہ یہ بھی فیصلہ کیاگیا ہے کہ جن گھی اور آئل کی کمپنیوں نے اپنے برانڈ کی قیمت پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PVMA) سے تاحال منظور نہیں کروائی ان کی قیمت 110روپے فی کلو/لیٹر تصور کی جائے گی اور عوام اس سے زیادہ ہرگز ادا نہ کریں۔


وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اشیائے ضروریہ ، گھی اور ویجی ٹیبل آئل کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے تمام مراحل کی بذات خود نگرانی کرتے رہے ہیں۔ ان کی واضح ہدایت رہی کہ اس ضمن میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام ادارے اور انتظامیہ کمربستہ ہو جائیں۔یہ انہی کا مشن تھا کہ عالمی منڈیوں میں کم ہوئی قیمتوں کے ثمرات پاکستان بالخصوص پنجاب کی عوام تک پہنچائے جائیں۔ انہوں نے واضح احکامات دیئے کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لیا جائے اور انہیں کسی صورت بھی عوام کا استحصال نہ کرنے دیا جائے۔اگر حکومتیں اسی تندہی اور صدق دل کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں تو عوام الناس جمہوریت کے اصل ثمرات حاصل کرپائیں گے۔ اس سے ناصرف حکومت کی نیک نامی ہوگی، بلکہ انصاف اور معاشی رواداری کو بھی فروغ ملے گا۔

مزید :

کالم -