ہڈیارہ ڈرین پراجیکٹ متاثرین اور میکلوڈ روڈ تاجروں کو ریلیف دینگے: شیخ علاؤالدین

ہڈیارہ ڈرین پراجیکٹ متاثرین اور میکلوڈ روڈ تاجروں کو ریلیف دینگے: شیخ ...

لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت ، تجارت و سرمایہ کاری شیخ علاؤالدین نے کہا ہے کہ ہڈیارہ ڈرین ملتان روڈ کے متاثرین اور میکلوڈ روڈ کے تاجروں کو ہرممکن ریلیف دیا جائے گا اور ان کی تجاویز سے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہو ں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل ، ایگزیکٹو کمیٹی اور تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد ارشد چودھری، باؤ بشیر، میاں محمد نواز، فہیم الرحمن سہگل اور اویس سعید پراچہ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ملتان روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ ہڈیارہ ڈرین منصوبے کی وجہ سے صنعتوں کو منہدم کرنا درست نہیں ہے، اس سے ہزاروں افراد بے روزگار ہوجائیں گے اور سرمایہ کاروں کو بھی منفی پیغام ملے گا جس سے معاشی بہتری کے لیے حکومت کی کوششوں کو دھچکا لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتوں کو منہدم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد نہ کرے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کاروباری برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ان کے مسائل سے وزیراعلیٰ پنجاب کو فورا آگاہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر ملتان روڈ اور میکلوڈ روڈ کے تاجروں کے لیے دو کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔ ملتان روڈ کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی میں صوبائی وزیر شیخ علاؤالدین ، لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، محمد ارشد چودھری، شہزاد اعظم خان اور طاہر قدیر جبکہ میکلوڈ روڈ کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی میں شیخ علاؤالدین ، ملک طاہر جاوید، طلعت اور شہزاد اعظم خان شامل ہیں۔ ملک طاہر جاوید نے کہا کہ کاروبار دوست ماحول کے لیے تاجروں کو درپیش مسائل حل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا معیشت میں حصہ نمایاں ہے جسے برقرار رکھنے کے لیے یہاں کے تاجروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ضروری ہے۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...