ملکی ترقی میں عورتیں مردوں کے شانہ بشانہ کردار ادا کر رہی ہیں ،روبینہ امجد

ملکی ترقی میں عورتیں مردوں کے شانہ بشانہ کردار ادا کر رہی ہیں ،روبینہ امجد

فیصل آباد (بیورورپورٹ) قیام پاکستان سے ہی ملکی ترقی میں عورتیں مردوں کے ساتھ ساتھ اپنا خاص کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ انہیں پریکٹیکلی مضبوط اور متحرک بنانے کیلئے فیصل آباد کی خواتین کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے جس سے عورتیں مزید روزگار کے مواقع حاصل کرکے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گی۔ یہ بات فیصل آبادوویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر روبینہ امجد نے آج یوم پاکستان کے خاص فنکشن پر وویمن ایکس کی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے محترمہ فاطمہ جناح، بیگم جہاں آراء، بیگم شاہنواز اکرام اللہ، زرین سرفراز کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت کی اشد ضرورت ہے کہ عورتوں کو متحرک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون ہمارے معاشرے کا ایک اہم جز ہے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ دنیا کے عظیم انسانوں کی پہلی درسگاہ ان کی ماں کی گود تھی۔ بچوں کی ابتدائی تربیت عورتیں بطور ماں کرتی ہیں اور یہی وہ مرحلہ ہے جو ان کی کردار سازی کیلئے سمت کا تعین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن منانے کا جہاں اصل مقصد پاکستان کی خاطر جدوجہد کرنے والے تمام مسلمانوں کو خراج وفا پیش کرنا ہے وہاں من حیث القوم اپنے رویے اور کردار کا بھی جائزہ لینے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف اجتماعی طور پر بلکہ انفرادی طور پر بھی ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خاص طور پر عورتوں کو ملک کی تری کیلئے بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہے اور ان عظیم ہستیوں کے نقش قدم پر چلنا ہے۔ اس سے قبل وویمن ایکس کی پراجیکٹ منیجر ہنیہ مدثر نے فیصل آباد وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی دستاویزی فلم کی وویمن ایکس کی شرکاء کو پریزنٹیشن دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو ملک کی ترقی میں حصہ لینے کیلئے اپنے کاروبار کو بڑھانا پڑے گا جس کیلئے چیمبر سے بہتر کوئی پلیٹ فارم نہیں۔

انہوں نے وویمن چیمبر کے قیام میں آنا ایک مثبت کاوش قرار دیتے ہوئے وویمن ایکس کی شرکاء سے کہا کہ یہ وہ واحد پلیٹ فارم ہے جس سے وہ ایک ترقی یافتہ خاتون بن سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کیا کیا خزانے چھپے ہیں ان کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے جس کیلئے خواتین کا کردار ضروری ہے۔ انہوں نے وویمن ایمپاورمنٹ کیلئے حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔ سوال و جواب کی نشست میں وویمن ایکس کی شرکاء نے حصہ لیا جبکہ سینئر نائب صدر ہنیہ جاوید نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...