عظیم سائنسدان اورماہرفلکیات آنجہانی سٹیفن ہاکنگ کی یادمیں خصوصی لیکچر
لاہور( ایجوکیشن رپورٹر)اردوسائنس بورڈ کے زیراہتمام آئن سٹائن کے بعد صدی کے عظیم سائنسدان اورماہرفلکیات آنجہانی سٹیفن ہاکنگ کی یادمیں خصوصی لیکچر منعقدکیاگیا۔ ڈائریکٹر سنٹر فارہائی انرجی فزکس پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر بلال مسعود نے سٹیفن ہاکنگ کی زندگی اوران کے سائنسی کارناموں پر معلوماتی لیکچردیا۔انہوں نے کہاکہ اسٹیفن ہاکنگ کو سائنس سے عشق کی حدتک لگاؤ تھااوریہی وجہ تھی کہ انہوں نے اپنی جوانی میں ہی میں ہونے والی جسمانی معذوری اوربیماری کو اس میں رکاوٹ نہیں بننے دیابلکہ سائنس کے میدان میں ایسے کارنامے انجام دیے جو کائنات کی وسعتوں کے بارے میں مزید جاننے میں مدددیں گے۔ڈاکٹر بلال مسعود نے سٹیفن ہاکنگ کی سائنسی خدمات کے بار ے میں اپنی پریزینٹیشن میں بتایاکہ ان کی وجہ شہرت اپنی معذوری میں بھی کائنات کے اسرارکا کھوج لگانااورسائنس کو مقبول عام بناناہے۔
ان کے اہم سائنسی کارناموں میں بلیک ہول کاتصور، کائناتی امکانیت، اضافیت اورکوانٹم اورہاکنگ شعائیں ہیں۔ ان کی شہرہ آفاق کتابیں تحقیق کاروں کے لیے مشعل راہ ہیں۔اس سے پہلے ڈائریکٹر جنرل اردوسائنس بورڈ ڈاکٹر ناصرعباس نیّر نے لیکچر کے اغراض ومقاصد کے بارے میں اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ سٹیفن ہاکنگ کی سائنسی خدمات اورکارناموں کو رہتی دنیا تک یاد رکھاجائے گا۔ ان کے سائنسی اورکائنات سے متعلقہ نظریات سے انسانیت مستفید ہوتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ بورڈ میں ان سائنسی لیکچرزکے انعقادکامقصد عوامی سطح پر سائنسی شعور بیدارکرنااورسائنس کو مقبول عام بناناہے۔ڈاکٹر علی محمد خان،ڈاکٹر عامرسعید، ڈاکٹر اشفاق احمد ورک،ڈاکٹر شاہ زیب خان، ڈاکٹر اورنگ زیب نیازی،زابرسعید بدر، ڈاکٹر فرحان علی،اعجازالحق،نصراللہ، توقیرعباس، رفعت رفیق، شائستہ شریف، تسنیم جعفری، نیلم نسیم، حفصہ عتیق، ماریہ اناس سمیت مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ وطالبات، اساتذہ اورسائنس سے دلچسپی رکھنے والے مردوخواتین نے لیکچر میں شرکت کی۔پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض جنید رضانے انجام دیے۔