یونین کونسل سرائے سلطان لنڈا بازار میں سیوریج مسائل حل کئے جائیں گے : محموداختر بٹ

یونین کونسل سرائے سلطان لنڈا بازار میں سیوریج مسائل حل کئے جائیں گے : ...

لاہور(فورم :دیبا مرزا ‘تصاویر علی رضا‘اہتمام آصف شاہ ) چیئرمین یونین کونسل سرائے سلطان لنڈا بازار محمود اختر بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ گواہ ہے کہ جو بلدیاتی نمائندے ایم پی اے اور ایم این اے بنے ہیں انہوں نے سب سے اچھی کارکردگی دکھائی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ میری یونین کونسل میں واقع لاہور کے سب سے بڑی تجارتی مرکز برانڈ رتھ روڈ کی رحمان گلیوں کے سیوریج کے مسائل کو میری نشاندہی پر میاں حمزہ شہباز شریف نے ترجیحی بنیادوں پر حل کروادیا ہے اور یہاں پر بڑے سائز کے نئے پائپ ڈلوادئیے گئے ہیں جبکہ ایک موریہ پل ریلوے سٹیشن ‘دل محمد روڈ اور الحدید مارکیٹ سمیت ملحقہ علاقوں میں سیوریج کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہوں میری واسا کے ایم ڈی سے گزارش ہے کہ میری یونین کونسل میں مطلوبہ تعداد میں سیورمین مہیا کئے جائیں کیونکہ گنجان آباد یونین کونسل ہونے کی وجہ سے سیوریج کے مسائل کا زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن صرف دو سیورمین ایک یونین کونسل میں ناکافی ہیں ۔وہ روز نامہ پاکستان کے فورم میں اظہار خیال کررہے تھے۔محمود اختر بٹ کا کہنا تھا کہ ہمارے قائدین میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف نے ایل ڈبلیو ایم سی ‘ واسا اور پینے کے صاف پانی سمیت دیگر اداروں کو اس لئے کمپنیوں میں تبدیل کیا تھا کہ ان سے اچھے نتائج حاصل کئے جائیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ افسر شاہی نے ان کے اس عوامی منصوبے کو بھی اپنی روایتی افسر شاہی کی نظر کردیا جس کی وجہ سے لاہور کی ہر یونین کونسل میں سیوریج کے مسائل کا سامنا ہے اگر افسر شاہی ہم سے پوری طرح سے تعاون کرے اور ان متعلقہ اداروں کے ملازمین کو یونین کونسلوں کے چیئرمینوں کے ماتحت کردیا جائے تو اس سے اچھے نتائج برآمد کئے جا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ ملازم ہمارے ماتحت نہیں ہیں اس لئے وہ خود کو کسی کو جواب دہ ہی نہیں سمجھ رہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ میری یونین کونسل میں عوام کو کچھ بنیادی مسائل کا سامنا ہے ان کے حل کے لئے میں اور میری پوری ٹیم دن رات کام کررہی ہے اور میرا یہ دعویٰ ہے کہ سب سے زیادہ ترقیاتی کام ہمارے حلقہ میں ہو رہے ہیں کیونکہ ہماری یہ خوش قسمتی ہے کہ اس حلقہ سے میاں حمزہ شہباز ایم این اے ہیں جو مجھ سمیت اپنے بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے حلقہ کے ہربندے سے ہر وقت رابطے میں رہتے ہیں اور ان کے کام بھی کرتے ہیں۔

محمود اختر بٹ

مزید : میٹروپولیٹن 1