تعلیم کو اہمیت دے کے کھویا ہوا مقام حاصل کیا جاسکتا ہے،رانامشہود

تعلیم کو اہمیت دے کے کھویا ہوا مقام حاصل کیا جاسکتا ہے،رانامشہود

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہاہے کہ ہمیں تعلیم سے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنا ہے اور پاکستان کو ایک مثالی ملک بنانا ہے جن معاشروں میں تعلیم کو اہمیت دی گئی وہ معاشرے ترقی کی راہوں پر گامزن ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الحمرا ہال نمبر1مال روڈ پر یونیک جونیئر سکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بچوں نے مختلف نغمے، خاکے اور پرفارمنسز پیش کیں جن کو ناظرین نے سراہا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ دنیا کے مہذب معاشروں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت اور دیگر سرگرمیوں کو بھی خصوصی اہمیت حاصل ہوتی ہے جس سے بچوں کی کردار سازی میں خصوصی مدد ملتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اساتذہ اور والدین کو سلام پیش کرنا چاہیے جو اپنے بچوں کے اچھے مستقبل کیلئے اپنا حال قربان کر دیتے ہیں تاکہ وہ نا صرف ایک اچھے انسان بن سکیں بلکہ ان کا مستقبل بھی روشن ہو سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خان نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لئے نجی شعبے کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور یونیک گروپ نے ہمیشہ معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو نہ صرف تعلیمی میدان میں سبقت حاصل کرنی ہے بلکہ کردار سازی کے حوالے سے بھی بچوں کو وہ توجہ دی جانی چاہیے جس سے وہ معاشرتی ارتقاء کے حوالے سے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے دوران مہمانان گرامی نے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں شیلڈیں تقسیم کیں ۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی شازیہ کامران خان ، معروف اینکر سیدہ ارملا حسن کے علاوہ والدین ،اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...