بال ٹمپرنگ ، سمتھ روپڑے، تینوں کرکٹرز نے شائقین سے معافی مانگ لی

بال ٹمپرنگ ، سمتھ روپڑے، تینوں کرکٹرز نے شائقین سے معافی مانگ لی

سڈنی(نیٹ نیوز) بال ٹمپرنگ سکینڈل میں سزا پانے والے آسٹریلوی کپتان اسٹیوسمتھ ،ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکروفٹ نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔ تفصیل کے مطابق پریشان حال آسٹریلین کرکٹ کپتان سٹیو سمتھ نے جمعرات کے روز بال ٹمپرنگ کی مکمل طور پر ذمہ داری قبول کرلی ہے ،کہتے ہیں اپنی بڑی غلطی کی وجہ وہ تباہ ہوکررہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا میں مکمل ذمہ داری لیتاہوں،میں نے سنگین غلطی کی ہے اور میں اس کے نتائج کو سمجھتا ہوں،یہ قیادت کی ناکامی تھی اس کے بعد انکے آنسو نکل آئے ۔میں بالکل تباہ ہو کررہ گیاہوں۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ بار بار جذباتی ہوئے اور ان کے پیچھے کھڑے ان کے والد پیٹر بار بار انہیں دلاسہ دیتے رہے۔انہوں نے کہاکہ اپنی غلطی اور اس سے ہونے والے نقصان کے ازالہ کے لیے سب کچھ کروں گا۔انکا کہنا تھا کہ تمام معاملے سے اگر کوئی اچھی چیز سامنے آتی ہے تو وہ دوسرے کے لیے ایک سبق ہے، میں اپنی ساری زندگی اس غلطی پر نادم رہوں گا،میں آسٹریلوی عوام اور شائقین کو یہ درد دینے پر بہت شرمندہ اور معافی کا طلب گار ہوں۔ڈیوڈ وارنر نے جنوبی افریقا سے وطن واپسی پر کہا کہ ایک غلطی ہوئی جس کی وجہ سے کرکٹ کو نقصان پہنچا جس پر وہ معافی مانگتے ہیں اور اپنے کیے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ڈیوڈ وارنر نے کہا 'ٹمپرنگ اس کھیل پر دھبہ ہے جسے بچپن سے بہت چاہتا ہوں اور سمجھ سکتا ہوں کہ ان کی وجہ سے کھیل اور شائقین کو نقصان پہنچا ہے۔ دوسری جانب کیمرون بینکروفٹ نے کہا کہ جھوٹ بولنے پر بہت شرمندگی محسوس کر رہا ہوں جس پر معافی کا طلبگار ہوں اور اپنے کیے پر بہت مایوس ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھ سکتا ہوں کہ میری وجہ سے بہت سے لوگ مایوس ہوئے اور ایسے لوگوں سے معافی مانگتا ہوں اور اس صورتحال کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی