ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ نے یوفون بلوچستان فٹبال کپ جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ نے یوفون بلوچستان فٹبال کپ کے فائنل میں نوشکال بلوچ فٹبال کلب نوشکی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد2 کے مقابلے میں 1 گول سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔ سپورٹس سیکریٹری بلوچستان منظور احمد اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی تھے جنہوں نے ٹرافی فاتح ٹیم کے حوالے کی۔ فائنل کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہیں کرسکیں ۔ نوشکال بلوچ فٹبال کلب کے عبدالمالک نے دوسرے ہاف میں پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی، تاہم 15 منٹ بعد ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ کے شیر حسان نے گول کرکے میچ 1-1اسکور سے برابر کردیا ۔ میچ ختم ہونے سے چند منٹ قبل ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ کے نصر اللہ نے پینلٹی پر گول اسکور کرکے اس چیمپیئن شپ کی دوڑ میں اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنادی۔