علی جہانگیر صدیقی کی امریکہ میں بطور سفیر تعیناتی کے خلاف درخواست دائر

علی جہانگیر صدیقی کی امریکہ میں بطور سفیر تعیناتی کے خلاف درخواست دائر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ میں علی جہانگیر صدیقی کی امریکا میں بطور سفیر تعیناتی کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ تعیناتی میرٹ کے برعکس ہونے کی بنا پر اسے کالعدم قرار دیا جائے۔جمعرات کو حکومت کی جانب سے نامزد کردہ علی جہانگیر صدیقی کی امریکا میں بطور سفیر تعیناتی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے ۔درخواست گزار شہزاد صدیقی ایڈووکیٹ نے بیرسٹر سجیل کے کے توسط سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کا طریقہ کار میرٹ کے برعکس ہے۔ انہیں سفارت کاری کا تجربہ نہ ہونے سے ملکی مفادات کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ملکی مفاد کا تقاضا ہے کہ امریکا جیسے ملک میں سینئر اور تجربہ کار سفارت کار کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تعیناتی میرٹ کے برعکس ہونے کی بنا پر کالعدم قرار دی جائے۔درخواست گزار کی جانب سے سیکریٹری کابینہ ڈویڑن، سیکریٹری خارجہ اور وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔واضح رہے کہ علی جہانگیر صدیقی ملک کے معروف کاروباری گروپ جے ایس گروپ کے مالک جہانگیر صدیقی کے صاحبزادے ہیں۔علی جہانگیر صدیقی پر کرپشن کے الزمات بھی ہیں جس کی تحقیقات قومی احتساب بیورو (نیب) میں جاری ہیں۔
علی جہانگیر صدیقی

مزید :

صفحہ اول -