میاں صاحب مصیبت میں پاؤں اقتدار میں آکر گلا پکڑتے ہیں: بلاول بھٹو

میاں صاحب مصیبت میں پاؤں اقتدار میں آکر گلا پکڑتے ہیں: بلاول بھٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گھگھر میں منعقدہ تقریب میں 8.8 بلین روپے کے کراچی ۔ٹھٹھہ دو رویہ سڑک کا باضابطہ افتتاح کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو کے ساتھ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ، صوبائی وزرا ، پارٹی رہنما بھی کھڑے تھے اور انہوں نے سڑک کا فیتہ کاٹ کر اس کا افتتاح کیا۔بعد میں انہوں نے سڑک کا دورہ کیا اس موقع پر ان کی گاڑی وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ چلارہے تھے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 2018کے انتخابات میں کامیاب ہو کر سندھ کے عوام کی خدمت کرے گی، پاکستان پیپلزپارٹی اپنے نشان اور طاقت اور نظریے پر انتخابات لڑے گی۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف 5 سال مسلسل 18 ویں ترمیم پر حملہ کرتے رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں اگر کسی نے خدمت کی ہے تو وہ صرف پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت ہے،پیپلز پارٹی پاکستان کی واحد جماعت ہے جو ملک کو درپیش مسائل حل کرسکتی ہے۔ پیپلز پارٹی ہی دہشت گردی کو ختم اور خارجہ پالیسی کو چلا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں لیکن نام نہاد سیاسی جماعتیں دھرنوں اور مجھے کیوں نکالا کی سیاست کررہے ہیں، عوام کو مجھے کیوں نکالا سے غرض نہیں ہے، (ن) لیگ نے اپنے پورے دور اقتدار میں این ایف سی ایوارڈ نہیں دیا، سارے پیسے پروپیگنڈے اور اشتہارات پر خرچ کردیئے اور نوازشریف مسلسل 5 سال 18 ویں ترمیم پر حملے کرتے رہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سندھ میں کافی مسائل ہیں ، ان میں کچھ حل کئے گئے ہیں اور دیگر پر کام جاری ہے، شہباز شریف نے پنجاب میں دس سال حکومت کی اور ایک نامکمل ہسپتال کاافتتاح کیا، اس کے برعکس پیپلز پارٹی غریبوں کو بلا سود قرضے دے رہی ہے، کراچی میں جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے دل کیاہسپتال میں بالکل مفت علاج فراہم کیا جارہا ہے، سندھ واحد صوبہ ہے جہاں کینسر کے علاج کے لئے سائبر نائف ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے، ہم شوبازی نہیں کام کرتے، میں 2018 کا الیکشن جیت کر پورے پاکستان میں صحت کا مفت نظام چاہتاہوں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف این آر او نہیں بلکہ خود کو بچانا چاہتا ہے، میاں صاحب جب مصیبت میں ہوتے ہیں تو پاؤں پڑتے ہیں اور جب پاور میں ہوتے ہیں تو گلا پکڑتے ہیں ۔نواز شریف سے عوام 2018 کے انتخابات میں حساب لیں گے۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس مضبوط اور بااصول جج ہیں ، وہ انصاف کے راستے پر چلنا جانتے ہیں۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی مناسب آدمی ہے میں ان کو کہوں گا کہ وہ چیئر مین سینٹ کے لیے اپنے ریمارکس واپس لیں۔انہوں نے کہا کہ مشرف کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آئی ایس پی آر کے ترجمان نے بہت واضح بیان دیا ہے، وہ جمہوریت کو سپورٹ کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف صرف اشتہارات پر خرچہ کرتے ہیں اور سندھ حکومت کام کرتی ہے۔ دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا اگر آئندہ عام انتخابات کا انعقاد صاف و شفاف اور آزادنہ ہوا تو پاکستان پیپلز پارٹی سندھ و جنوبی پنجاب سمیت پورے ملک سے سویپ کرے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -