مہمند ایجنسی ،تحصیل امبار میں کھلی کچہری،مسائل کے انبار
مہمند ایجنسی (نمائندہ پاکستان) مہمند ایجنسی، تحصیل امبار میں کھلی کچہری کے موقع پر مقامی لوگوں نے مسائل کے ڈھیر لگا دیئے۔ شرکاء نے پولیٹیکل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ہمیں صاف پانی، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات دیئے جائے۔ تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی تحصیل امبار کے علاقہ حد کور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں بڑی تعداد میں علاقے کے عمائدین نے شرکت کی۔ علاقے میں نئے سڑکوں کی تعمیر، موبائل نیٹ ورک کی بحالی اور دیگر بنیادی سہولیات کیلئے اقدامات اُٹھائے جانے کامطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کا غیر حاضر ملازمین کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ لوئر مہمند توصیف خالد نے کھلی کچہری کے شرکاء کو یقین دلایا کہ ان کو درپیش تمام مسائل بتدریج حل کر دیئے جائینگے۔