چیئرمین آزاد کشمیر احتساب بیوروراجہ محمد اسلم کا احتساب بیورو کے شعبہ شکایات؍انوسٹی گیشن کا اچانک دورہ
مظفرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر) چیئرمین آزاد جموں وکشمیر احتساب بیوروراجہ محمد اسلم نے جمعرات کو ڈائریکٹر انتظامیہ محمد یونس میر کے ہمراہ احتساب بیورو کے شعبہ شکایات؍انوسٹی گیشن کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پرچیئرمین نے دفاتر کی منتقلی کے حوالے سے بات کی کہ دفاتر ایک جگہ یکجا ہونے کی وجہ سے کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ چیئرمین نے ڈائریکٹر شکایات؍انوسٹی گیشن کو ہدایت جاری کی کہ شکایات؍ انوسٹی گیشن کی انجام دہی میں غیر ضروری تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ابتدائی مرحلہ پر شکایات کی پڑتال کر کے اس کے قابل رفتار یا نا قابل رفتار ہونے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے اور جو شکایت قابل رفتار ہے اُس کو ابتداء میں ہی یکسو کر دیا جائے تاکہ شاکیان کو دادرسی مل سکے۔ چیئرمین نے سختی یہ ہدایت کی کہ جو انکوائری آفیسر برقت شکایات کو Dispose off نہ کرے گا وہ اس کا ذمہ دار ہو گا ۔تمام شکایات پر روزانہ کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ چیئرمین نے ڈائریکٹر انوسٹی گیشن کو بھی ہدایت کی کہ تفاتیش کی تکمیل میں مقررہ میعاد میں کبھی تاخیر نہ ہو ایک دن کی بھی تاخیر میں متعلقہ Investigation Officer کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔اس موقع پر چیئرمین نے دونوں شعبہ جات کے آفیسران ؍اہلکاران کو ہدایت کی کہ وہ دفاتر میں اچھا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کریں۔دفاتر میں ڈسپلن کی ہرصورت میں پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین نے تمام آفیسران کو سختی سے نظم و ضبط پر کاربند رہنے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے جملہ شعبہ جات کے آفیسران ؍اہلکاران کو بتایا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پرچیئرمین احتساب بیورو نے ڈائریکٹر انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ احتساب بیورو کے تمام شعبہ جات میں حاضری کو یقینی بنانے کیلئے سخت نگرانی کریں اور نظم و ضبط پر کار بند نہ رہنے والے آفیسران؍اہلکاران کے متعلق رپورٹ کریں۔نیز چیئرمین نے احتساب بیورو کے دفتری مکانیت کے کام کا بھی جائزہ لیا اور کام کی رفتار کو تیز کرنے کا بھی حکم دیا۔