مسئلہ کشمیر کاواحد حل یواین قراردادوں پرعملدرآمدہے،میاں یاسر

مسئلہ کشمیر کاواحد حل یواین قراردادوں پرعملدرآمدہے،میاں یاسر

مظفرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن میاں یاسر رشید نے اخبار نویسوں سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی کشمیر قرار دادوں پر عملدرآمد میں ہی مضمر ہے اور استصواب رائے کے انعقاد کے بعد کشمیریوں کی رضا مندی کے ساتھ ہی خطہ میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے اور متوقع ایٹمی جنگ کے خطرات کو ٹالا جا سکتا ہے ۔ کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ بانی پاکستان نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا ۔ میاں یاسر رشید نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل پاکستان مسلم لیگ ن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اس کے ساتھ ساتھ حکومت آزاد کشمیر وزیر اعظم فاروق حیدر خان کی زیر قیادت آزاد خطہ کی مثالی تعمیر وترقی اور عوامی خوشحالی کے منصوبوں پر بلا تخصیص عملد رآمد کر رہی ہے اور آزاد خطہ میں گڈ گورننس کے قیام کے لیے بھی موثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے ۔ وزیر اعظم نے تمام رواں ترقیاتی منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے احکامات صادر کیے ہیں ۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں معیار تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ آزاد خطہ کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے ۔ انہوں نے مہاجرین جموں وکشمیر کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات کی تعریف بھی کی ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...