عوا م اور اپنے درمیان فاصلے حائل نہیں ہونے دوں گا: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ میں اپنے اور عوام کے درمیان کوئی چیز حائل نہیں ہونے دوں گا کیونکہ پنجاب کے لوگوں کو سہولتیں دینا میرا مشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں قائم جدیدآئی ٹی سسٹم کے ذریعے ڈیرہ غازی خان میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور لاہور میں ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں واقع خدمت سنٹر میں لوگوں سے رابطہ کے دوران کیا۔وزیراعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے مذکورہ دفاتر میں موجود شہریوں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کیلئے احکامات دئیے۔ڈیرہ غازی خان کے دفتر میں وزیراعلیٰ کوآن لائن دیکھ کرشہریوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں عوام کا نمائندہ ہوں اور آپ سے براہ راست رابطہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نہ صرف وقت بلکہ وسائل کی بھی بچت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے دیگر ضلعوں میں بھی عوام سے اس طرح کے رابطے جاری رکھوں گا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر احمد پور شرقیہ کے سکول میں طالب علم پر تشدد کے الزام میں ٹیچر محمد عاصم عباسی کو گرفتار کرکے پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ طالب علم پر تشدد کرنے والے ٹیچر محمد عاصم عباسی کو پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کر دیا گیا ہے اور گورنمنٹ پرائمری سکول احمد بخش بلوچ تحصیل احمد پور شرقیہ کے ہیڈ ٹیچر محمد سلیم کو بھی فرائض میں کوتاہی پر پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بہاولپور نے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ طالب علم پرٹیچر کے تشدد کا واقعہ کسی صورت قابل قبول نہیں لہٰذا پنجاب حکومت طالب علم پر تشدد کرنے والے ٹیچر کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کرے گی۔علاوہ ازیں ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجا ب نے پاکستان کے تیز ترین اتھلیٹ اولمپئن جان پرمل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
عثمان بزدار
