لاہور تا عبدالحکیم موٹروے M3کا افتتاح کل ہو گا،وزیر اعلیٰ پنجاب گورنر و دیگر شرکت کرینگے
شیخوپورہ (بیورورپورٹ)لاہور تا عبدالحکیم موٹر وے M3کا افتتاح 31مارچ بروز اتوار جڑانوالہ انٹرچینج پر کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب، وفاقی وزیر مواصلات اور مقامی پارلیمینٹیرین شرکت کریں گے۔ افتتاحی تقریب کی تیاریاں شروع آخری مراحل میں داخل۔ تفصیلات کے مطابق لاہور تا عبدالحکیم موٹروے M3کی افتتاحی تقریب کے سلسلہ میں جڑانوالہ انٹرچینج کے قریب موٹروے کے اوپر افتتاحی تختی پلیٹ نصب کرنے کیلئے برجی کی تعمیر شروع ہے جبکہ افتتاحی تقریب کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ موٹروے کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، صوبائی وزیر برائے پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین، مقامی ایم این اے ملک نواب شیر وسیر اورپی ٹی آئی کی مقامی قیادت شریک ہوگی جبکہ عوام الناس کیلئے بھی انتظام کیا جارہا ہے۔ موٹروے کی افتتاحی تقریب کے سلسلہ میں صوبائی وزیر پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ موٹروے سے فاصلے سمٹ کر قریب آجائیں گے جبکہ مال برداری کی نقل و حرکت بھی انتہائی آسان و سہل ہوجائے گی۔ جڑانوالہ و نواح کے لوگ اب بغیر تکلیف اٹھائے آسانی کے ساتھ لاہور اور کراچی تک کا محفوظ اور بہترین سفر کرسکیں گے۔
