عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات قابل فخر،آسٹریلین ہائی کمشنر

عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات قابل فخر،آسٹریلین ہائی کمشنر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (این این آئی)آسٹریلین ہائی کمشنر مس مارگریٹ ایڈمسن کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات قابل فخر ہیں، پی ایس ایل زبردست کامیاب ایونٹ بن گیا ہے، امید ہے نا صرف آسٹریلیا بلکہ دیگر ممالک کی کرکٹ ٹیمیں بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی، پاکستان کے آم بہت ذائقہ دار ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کے تحت بریک فاسٹ تقریب کے دوران بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کونسل کے چیئرمین اکرام سہگل، سیکریٹری ڈاکٹر ہما بقائی، سی ای او کموڈور ریٹائرڈ سدید اے ملک ، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور ممبرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہا کہ ہمارے تعلقات قیام پاکستان کے فورا بعد سے ہی قائم ہو گئے تھے۔ اسٹاف کالج کوئٹہ سے ہمارے تعلقات قیام پاکستان سے پہلے 1910 سے ہیں۔ ایک پاکستانی نڑاد خاتون بھی آسٹریلین پارلیمنٹ کی رکن ہیں۔ مس مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ عالمی امن کے لیے یو این پیس مشن میں پاکستان کی خدمات قابل فخر ہیں، پاکستان اس میں سب سے بڑا کردار ادا کرنے والا ملک ہے۔ ہم کاروبار، تعلیم، صحت، زراعت، ڈیری، پانی کے استعمال میں کفایت شعاری، دفاع، انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے۔ آسٹریلین ہائی کمشنرنے کہا کہ پاکستان میں موجود آسٹریلین یونیورسٹیز کی تعداد جلد 11 ہو جائے گی، ہائیر ایجوکیشن کمیشن. کے تحت پاکستان کے 120 پی ایچ ڈی اسکالرز آسٹریلیا میں زیرتعلیم ہیں۔ ہائی کمشنرنے کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی اور افرادی قوت کی استعداد بڑھانے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی نے آسٹریلین کرکٹ ٹیم کو دوبارہ ٹاپ پر لانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ بہت زبردست اور کامیاب ایونٹ بن گیا ہے جس میں عالمی کھلاڑی بھی شامل تھے۔ پی ایس ایل عالمی کرکٹ کو پاکستان واپس لانے میں اہم کردار ادا کرے گی،ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان سے بھی دنیا کو پاکستان کے بارے میں مثبت پیغام ملا ہے۔ مس مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ امید ہے اب نا صرف آسٹریلیا بلکہ دیگر ممالک کی کرکٹ ٹیمیں بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ آسٹریلین صنعتکاروں کو پاکستان میں کاروبار بڑھانے کی ترغیب دوں گی۔ پاکستان میں کاروباری اور سیاحت کے مواقع موجود ہیں، قیام امن بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے بہت اہم ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -