پی سی بی کی پلیئر ز کیلئے ’’آراممہم‘‘ پاکستان کپ تک دراز

پی سی بی کی پلیئر ز کیلئے ’’آراممہم‘‘ پاکستان کپ تک دراز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(یواین پی)پی سی بی کی قومی کھلاڑیوں کیلئے ’’آرام مہم‘‘پاکستان کپ تک دراز ہو گئی ہے اور تھنک ٹینک کی اس انوکھی پالیسی کے سبب بہترین دستیاب ٹیم سلیکٹ کرنے کا سنہری موقع ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔عالمی کپ ٹورنامنٹ محض دو ماہ کی دوری پر ہے لیکن پی سی بی کے کرتا دھرتا افراد نے ملک کے بیشتر اہم کھلاڑیوں کو دو اپریل سے شروع ہونے والے پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں بھی ریسٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے حالانکہ آسٹریلیا کیخلاف اہم سیریز میں پہلے ہی آٹھ سرفہرست کھلاڑیوں کو آرام کرایا جا چکا ہے۔دلچسپ ترین پہلو یہ ہے کہ گزشتہ برس آسٹریلیا کیخلاف پاکستان کی ہوم سیریز سے ون ڈے میچوں کو اسی وجہ سے الگ کیا گیا تھا کہ ورلڈ کپ کیلئے پلیئرز کی تیاری ممکن ہو سکے گی لیکن انضمام الحق کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نے ان میچوں کیلئے کپتان سرفراز احمد سمیت سات کھلاڑیوں کو آرام کا موقع فراہم کردیا اور پھر آل راؤنڈر فہیم اشرف بھی وطن واپس طلب کر لئے گئے جس سے ورلڈ کپ کیلئے پلیئرز کو آزمانے کا موقع ہاتھ سے نکل گیا اور اب یہی پالیسی پاکستان کپ کیلئے اپنا لی گئی جس سے یہ تاثر مضبوط ہو گیا ہے کہ سلیکٹرز ورلڈ کپ کیلئے اسکواڈ کی تشکیل کر چکے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ یقینی پلیئرز کو چانس دینے کے بجائے ریسٹ کرایا جائے۔

حالانکہ وہ پی ایس ایل کے بعد پندرہ روز آرام کر چکے ہیں اور پاکستان کپ کے بعد ان کیلئے خود کو ابھارنے کا واحد موقع انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز ہو گی جس کا آغاز پانچ مئی سے ہونا ہے۔