عابد علی کی سنچری اور پاکستان کی شکست نے ایک ایسا شرمناک ریکارڈ پاکستان کے نام کر دیا کہ آپ بھی حیران رہ جائیں
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹر عابد علی نے اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار سنچری سکور کی مگر اس کے باوجود آسٹریلیا نے پاکستان کو چوتھے ایک روزہ میچ میں بھی شکست سے دوچار کر دیا اور یوں سنچری اور شکست نے مشترکہ طور پر ایک شرمناک ریکارڈ پاکستان کے نام بھی کر دیا ہے۔
پاکستان ڈیبیو سنچری کے باوجود شکست کا سامنا کرنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی ہے جبکہ اس فہرست میں پہلے نمبر پر زمبابوے ہے جس کے معروف کھلاڑی اینڈی فلاور نے 23 فروری 1992ءکو سری لنکا کیخلاف کھیلے گئے میچ میں ناقابل شکست 115 رنز کی اننگز کھیلی مگر اس کے باوجود زمبابوے یہ میچ ہار گیا تھا۔
اس فہرست میں دوسرا نمبر ویسٹ انڈیز کا ہے جس کے کھلاڑی مائیکل لیمب نے 28 فروری 2014ءکو انٹیگا میں انگلینڈ کیخلاف کھیلے گئے میچ میں 106 رنز کی اننگز کھیلی تھی لیکن ویسٹ انڈیز کو بھی اس میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب پاکستان نے 30 مارچ 2019ءکو عابد علی کی ڈیبیو سنچری کے باوجود آسٹریلیا سے 6 رنز سے شکست کھا کر اس فہرست میں اپنا نام درج کروا لیا ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 10 جنوری 2009ءکو نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ کے دوران نیوزی لینڈ کے کھلاڑی مارٹن گپٹل نے بھی ڈیبیو سنچری بنائی اور ناقابل شکست 122 رنز کی اننگز کھیلی مگر یہ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔
