سب کو یہ تدابیر یاد رکھنی چاہیے کیونکہ ۔۔۔۔معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے قوم کو اہم پیغام دے دیا

سب کو یہ تدابیر یاد رکھنی چاہیے کیونکہ ۔۔۔۔معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ...
سب کو یہ تدابیر یاد رکھنی چاہیے کیونکہ ۔۔۔۔معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے قوم کو اہم پیغام دے دیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس پر قابوپانے کے لیے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سماجی فاصلے کی ہدایات پر عمل کریں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ اب تک جو بڑے بڑے اقدامات کیے گئے ہیں ان میں سماجی میل جول کو کم کرنے اور سماجی فاصلہ شامل ہے ، پاکستان میں تخمینوں سے بہت کم کیسز ہیں، ان اقدامات پر سختی سے عمل کریں،لوگ ان احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہوں گے تو یقینا کیسز کی تعداد ان تخمینوں سے کم ہوں گے لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا تو کیسز کی تعداد اچانک بہت بڑھ بھی سکتی ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ہی وبا پر قابو پاسکتے ہیں، اس لیے خود بھی عمل کرنے اور اپنی برادری، دوستوں اور گھر والوں کو بھی اس کا پابند کرنے کی ضرورت ہے، سب کو یہ تدابیر یاد رکھنی چاہیے اور عمل کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ان احتیاطی تدابیر میں پہلی اور بنیادی چیز یہ ہے کہ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں، اپنے آپ کو گھر تک محدود رکھیں، اگر باہر آئیں تو لوگوں سے میل ملاپ نہ کریں اور ایک محفوظ فاصلے پر رہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہاتھ ملانا اور گلے ملنا ہماری ثقافت کا حصہ ہے لیکن اس سے مکمل طور پر اجتناب کریں اور پابندی لگا دیں کہ لوگوں سے بغل گیر نہیں ہونا اور ہاتھ نہیں ملانا۔انہوں نے کہا کہ حفظان صحت کے اصول کے مطابق اپنی صفائی، اپنے ماحول کی صفائی سمیت دیگر ہدایات دی گئی ہیں خاص کر ہاتھ دھونے کی ہدایت پر عمل کریں کیونکہ اس کو پھیلانے کے لیے ہمارے ہاتھ سبب بن سکتے ہیں اس لیے جتنا ممکن ہوسکے صابن کے ساتھ 20 سیکنڈ تک اچھی طرح ہاتھوں کو دھوئیں اور میز، کتابوں اور دیگر اشیا پر بلا ضرورت ہاتھ لگانے سے گریز کریں۔ان کا کہنا تھا یہ تمام چیزیں بظاہر بہت سادہ ہیں لیکن ان پر عمل کریں تو ہم اس بیماری کے پھیلا ؤکو موثر طریقے سے پاکستان میں روکنے میں کامیاب ہوں گے۔

مزید :

قومی -کورونا وائرس -