فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت تقرریوں سے متعلق کیس،اسلام آبادہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار ،وفاق کی درخواست خارج
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت تقرریوں سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے وفاق کی درخواست خارج کردی ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت تقرریوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی ۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ میمورنڈم کے تحت ایک آفیسر نیوی، ایک ایئر فورس،3آرمی سے لینے تھے، چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ آفس میمورنڈم درست نہیں ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ صوبائی کوٹے میں میرٹ پر پہلے نمبر پرہونے کے باوجود نوکری کیوں نہیں دی گئی؟۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ ایئر فورس سے پہلے ہی ایک آدمی لے لیا گیا تھا جس کی وجہ سے رفعت اللہ کو نہیں لیا گیا،جسٹس اعجاز الحسن نے کہا کہ ایئر فورس سے جس آدمی کو آپ نے لیا ہے وہ اوور آل میرٹ پر بھی پہلے نمبر پر تھا؟۔
عدالت نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت تقرریوں سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے وفاق کی درخواست خارج کردی ۔