بارسلونا کرکٹ گراونڈ کے حصول کے لئے ووٹنگ،قونصل جنرل عمران علی چوہدری اور کتلان کرکٹ فیڈریشن کی اہلیان بارسلونا سے ووٹ کے لئے اپیل
بارسلونا (ارشد نذیر ساحل )بارسلونامیں کرکٹ کے میدان کے حصول کے لئے سوشل میڈیامہم زور پکڑ گئی ہے۔ سوشل میڈیا مہم کے بعد ووٹوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرگئی ہے۔ جبکہ 3000 ووٹوں کا حدف پورا کرنا ہوگا۔ سوشل میڈیا مہم کے دوران پاکستانی، انڈین،بنگالی کمیونٹی سے ووٹ کے لئے اپیل کی گئی ہے۔
کتلان کرکٹ فیڈریشن کے صدر شیخ عامر سعید ،حافظ غلام سرور ،حافظ صابراور نوجوان سیاسی رہنما علی رشید بٹ سے ملاقات کے بعد قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری کی جانب سے ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے آن لائن ووٹنگ کی اپیل کی اور کرکٹ فیڈریشن کے عہدیداران کی کاوشوں کو سراہا۔
اس سلسلے میں لکھاری سید شیراز نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے بتایاکہ بلدیہ بارسلونا نے 822 مختلف منصوبوں پر عوامی رائے مانگی ہے۔ ڈیجیٹل ووٹنگ میں کرکٹ گراونڈ کا مطالبہ ان 822 منصوبوں میں چودہویں پوزیشن پر ہے اور سپورٹس کے 68 منصوبوں میں دوسری پوزیشن حاصل کر چکا ہے۔ امید ہے کہ ہم اس حوالے سے پہلی پوزیشن حاصل کر لیں گے لیکن ہدف ہر صورت میں 3000 ووٹس حاصل کرنے کا ہو گا۔