نورِ سرکارﷺ نے ظلمت کا بھرم توڑ دیا
نورِ سرکارﷺ نے ظلمت کا بھرم توڑ دیا
کفر کافور ہوا شرک نے دَم توڑ دیا
سوزِ غم ختم کیا سازِ سِتم توڑ دیا
آپﷺ نے سلسلہء رنج والم توڑ دیا
نعرہ زن رِند بڑھے ساقیِ ﷺ محشر کی طرف
جامِ کوثر جو مِلا ساغرِ جم توڑ دیا
دستِ قدرت! ترے اِس حسنِ نگارش پہ نثار
نام وہ لوح پر لکھا کہ قلم توڑ دیا
ڈُوبنے دی نہ محمّد ﷺ نے ہماری کشتی
زور طوفاں کا بیک چشمِ کرم توڑ دیا
نہ رہا کفر کا پِندار، نہ غَرّہ نہ غُرور
ایک ہی ضرب میں سب جاہ و حشم توڑ دیا
شدّتِ ظلم ہوئی خَلقِ مُحمد ﷺ سے فنا
جتنے شدّاد تھے ہر ایک نے دَم توڑ دیا
تھا برہمن کو بہت رشتہء زُنّار پہ ناز
آپﷺ سے سلسلہ جوڑا، تو صنم توڑ دیا
جب مِرے سامنے آیا کوئی الحاد کا جام
کہہ کے بے ساختہ یا شاہِؐ اُمَم! ”توڑ دیا“
تم پر اللّٰه کے الطاف نصؒیرؔ! ایسے ہیں
نعت اِس شان سے لکّھی کہ قلم توڑ دیا
کلام :سید نصیر الدین نصیرؔ