پشاور سنٹرل جیل کی سیکیورٹی مزید سخت، ڈاکٹر آفریدی کو پاکستان چھوڑنے کی پیشکش کی تھی: امریکہ
واشنگٹن ، پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی حکام نے انکشاف کیاہے کہ اُسامہ آپریشن کے بعد ڈاکٹرشکیل آفریدی کو خاندان سمیت ملک چھوڑنے کی پیشکش کی تھی جسے ڈاکٹر آفریدی نے ٹھکرادیا۔دوسری طرف پشاور سنٹرل جیل کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ ڈاکٹر آفریدی کی منتقلی کے بارے میں غور کیاجارہاہے۔امریکی حکام کی جانب سے القاعدہ سربراہ اُسامہ بن لادن سے متعلق سی آئی اے کو معلومات پہنچانے والے ڈاکٹرشکیل آفریدی کو پیشکش کی گئی تھی کہ پاکستان چھوڑ کر اپنے خاندان سمیت امریکہ منتقل ہوجائیں ۔حکام کے مطابق آفریدی کو مئی 2011ءکو پیشکش کی گئی تھی جسے اُنہوں نے بغیر وجہ بتائے ٹھکرادیا۔دوسری طرف ڈاکٹر شکیل آفریدی پشاور کی سنٹرل جیل میں ملک سے غداری کے الزام میں 33سال قید کی سزابھگت رہے ہیں جہاں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے ۔بیس سے زائد کمانڈوز،بکتربند گاڑی تعینات اور چاردیواری پر اضافی چوکی قائم کردی گئی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرشکیل آفریدی کو کسی بھی وقت محفوظ مقام پر منتقل کیاجاسکتاہے جس کے لیے اٹک جیل منتقلی پر غورکیاجارہاہے۔