جوکہنا تھا کہہ دیا،اب کوئی تبصر ہ نہیں کروں گی:فہمیدہ مرزا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزاکا کہنا ہے کہ وہ اپنی رولنگ پر کوئی تبصر ہ کرنا نہیں چاہتیں جتنا کہنا تھا رولنگ میں کہہ دیا ہے۔ امریکی تعاون سے تعمیر کیئے جانے والے پارلیمانی تحقیقی ادارے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز(پی آئی پی ایس) کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگومیں انکا کہنا تھا کہ انہوں نے اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار کو کھلے دل سے دعوت تھی تاہم ابھی تک انھیں ان کا انتظار ہے۔انہوں نے کہا اٹھارہ کروڑ عوام کی نمائندہ پارلیمنٹ نے سپیکر کو منتخب کیا ہے کہ سپیکر آفس کی عزت کی جانی چاہیے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر فہمیدہ مرز ا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کیلئے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز کا ادارہ امریکی عوام کی جانب سے قابل قدر تحفہ ہے اور وہ اس ادارے کے قیام کیلئے امریکی حکومت کی جانب سے گیارہ اعشاریہ پانچ ملین ڈالرکی امداد پر شکر گزار ہیں۔امریکہ کی انڈر سیکرٹری تارا سونن شائن کا کہنا تھا کہ امریکہ مستحکم پاکستان اور امن و امان کے قیام کا خواہاں ہے اور اس کیلئے وہ اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا کہ پی آئی پی ایس کا قیام جمہوریت اور پاکستان کے لوگوں کے ساتھ ان کی گہری شراکت داری کے عزم کا اظہار ہے اور امریکہ پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کرتا رہے گا۔