پاکستان اور بھارت اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت مسئلہ کشمیر حل کریں ، مولانا نوشہری

پاکستان اور بھارت اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت مسئلہ کشمیر حل کریں ، ...


اسلام آباد(کے پی آئی)جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کی ملاقات کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب دونوں ممالک کو جامع مذاکراتی عمل بحال کرنا چاہیے اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف قدم بڑھانا چاہیے ۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر شعبہ خارجہ امور کے چےئرمین مولانا غلام نبی نوشہری نے یہاں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ پائیدار اور ٹھوس بات چیت کے ذریعے مسائل حل کئے جانے چاہئیں ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر سمیت کئی تنازعات التواء کا شکار ہیں ۔ یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں اصل رکاوٹ مسئلہ کشمیر ہے چنانچہ دونوں ملکوں کی قیادت کو سوچنا چاہیے کہ کس طرح اس تنازعے کو حل کیا جائے ۔ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کر کے اور ان سے ملاقات کر کے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا اچھا پیغام دیا ہے ۔ دوسری طرف بھارتی وزیر اعظم کو بھی اپنی مثبت پالیسیوں سے مثبت پیغام دینا چاہیے۔

مودی کو ایسے اقدامات کرنے چاہئیں کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہو کشمیر میں ظلم و جبر کا سلسلہ ختم کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت مسئلہ کشمیرکی طرف قدم بڑھا کر دونوں ملک خطے کو کسی ممکنہ بڑے تصادم سے بچا سکتے ہیں اس سلسلے میں زیادہ ذمہ داری بھارتی حکومت پر ہے مولانا نوشہری نے کہا کہ نریندر مودی بی جے پی کا پاپولر رہنما ہے اسے پاپولر فیصلے کرنا چاہئیں

مزید : عالمی منظر