مالی مسائل ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کا ایشین کرکٹ کونسل تحلیل کرنے کا مطالبہ
چنائی ( نیٹ نیوز)مالی مسائل کے باعث آسٹریلیا اور انگلینڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔ آئی سی سی میں ہونے والی اصلاحات سے ایشین کرکٹ کونسل اور ایشیا کپ کا مستقبل بھی خطرے سے دوچار دکھائی دے رہا ہے،عالمی تنظیم اب تمام ریجنل کرکٹ باڈیز کو ختم کرنے کی خواہاں ہے جس میں ایشیا، ایشیا پیسفک، یورپ، افریقہ اور امریکا شامل ہیں۔اس خواہش کے بارے میں ایشین کرکٹ کونسل کی فنانس و مارکیٹنگ کمیٹی کے اجلاس میں ممبران کو آگاہ کیا گیا، یہ اجلاس چنائی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے معطل صدر این سری نواسن کی زیرسربراہی ہواتھ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ان ریجنل باڈیز کو اپنے خطے میں کرکٹ کے فروغ کیلیے فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں، مگر آسٹریلیا اور انگلش بورڈز محسوس کرتے ہیں کہ مختلف ممالک میں کھیل کے ڈیولپمنٹ کیلئے رقم کی تقسیم ان باڈیز کے ذریعے کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔