ورلڈ کپ فٹبال کی افتتاحی تقریب میں 31 ممالک کے سربراہان شریک ہونگے
ریو ڈی جنیرو( نیٹ نیوز) دنیا میں کھیلوں کے سب سے بڑے میلے ورلڈ کپ فٹ بال کی افتتاحی تقریب میں 31 ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے ۔ 12جون سے برازیلی شہر ساؤپالو میں شروع ہونے والے میگا ایونٹ میں دنیا کی 32 بہترین ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ میں اسپین کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی ۔ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کے لئے برازیل کی حکومت سے 31 ملکوں کے سربراہان حکومت کو مدعو کیا ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں حکومت کے سربراہان کی شرکت کے باعث افتتاحی تقریب اور ورلڈ کپ کے لئے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے جائیں گے۔اس مقصد کیلئے برازیل نے اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے کیلئے تیس ہزار فوجیوں کی تعیناتی کا عمل تیز کردیا ہے ۔ یہ تعداد ملک میں خدمات انجام دینے والے ڈیڑھ لاکھ ریگولر پولیس اہلکاروں اور افسران کیساتھ 20 ہزار نجی سیکورٹی گارڈز کے علاوہ ہے۔اس آپریشن میں فوج، بحریہ اور فضائیہ کے اہلکار شامل ہیں۔