بینک اکاؤنٹس تک رسائی کے معاملات پر تحفظات ہیں: شیخ محمد ارشد

بینک اکاؤنٹس تک رسائی کے معاملات پر تحفظات ہیں: شیخ محمد ارشد

لاہور(اے پی پی )لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا ہے کہ بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس اور تاجروں کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی کے معاملات پر تاجروں کے تحفظات دور کرنے کی ضرورت ہے ، تاجروں اور حکومت کے درمیان اعتماد سازی سے معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔اتوار کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو سمیت تمام اداروں کو تاجروں کے لیے سہولیاتی کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں کی تعداد و شرح کم کرکے سمگلنگ کی حوصلہ شکنی کی جائے اور اسے بڑھانے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تجارتی و معاشی حالات کے پیش نظر وفاقی بجٹ بہت اہمیت اختیار کرگیا ہے لہذا ضروری ہے کہ یہ تاجر برادری کی خواہشات کا عکاس ہو ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر پہلے بھی حکومت پر زور دے چکا ہے کہ کاروباری امور میں سرکاری اداروں کی مداخلت کم سے کم ہونی چاہیے شیخ محمد ارشد نے کہا کہ ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں کی شرح ہر جگہ یکساں ہونی چاہیے تاکہ برابری کی صورتحال قائم رہے ۔

مزید : کامرس