رمضان سے قبل پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ سے غریب کا جینا دوبھر ہوجائے گا، مجید غوری

رمضان سے قبل پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ سے غریب کا جینا دوبھر ہوجائے گا، ...

لاہور(اپنے خبر نگار سے )رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی میں اضافہ شروع ہو گیا ہے۔یکم جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا۔جس سے رمضان میں غریبوں کے لئے سحری اور افطاری کا اہتمام بھی مشکل ہو جائے گا۔اسمبلی میں بیٹھے ہمارے منتخب نمائندوں کے معاوضوں میں 200فی صد اضافہ کر دیا گیا ہے۔جس کے بدلے انہوں نے حکومت کو مہنگائی کا فری ہینڈ دے دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری نے مرکزی عہدیداران کے اجلا س سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھاصرف اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں 200فی صد اضافہ کی بجائے 50فی صد کمی کر دی جائے تو ملک میں مہنگائی کا طوفان فی الفور ختم ہو جائے گا۔ان لوگوں کو اسی وقت کسی غریب کے گھر کی حالت معلوم ہوگی ۔ جب ان لوگوں کا اپنا بجٹ متاثر ہوگا۔مجید غوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی رکشہ یونین کسی رکشہ ڈرائیور سے چندہ نہیں لیتی۔کیونکہ ہم اپنے رکشہ ڈرائیور بھائیوں کی اندرونی حالت سے بخوبی آگاہ ہیں۔کسی نے رکشہ کی قسطیں دینی ہیں۔کسی پر رکشہ کی دہاڑیوں کا بوجھ ہے۔کوئی ظالمانہ چالانوں سے پریشان ہے۔ کس نے گھر کا کرایہ دیناہے کسی کو سود خوروں نے خود کشی پر مجبور کیا ہوا ہے اور کسی کارکشہ خراب ہے تو ٹھیک کروانے کے پیسے نہیں۔کسی کے بچے بھوک سے بلک رہے ہیں۔جس سے ملو اس کی اپنی ایک کہانی ہے۔ اسی وجہ سے عوامی رکشہ یونین کے عہدیداران اپنی مدد آپ کے تحت یونین کے اخراجات برداشت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عنقریب ہم سود اور مہنگائی کے خلاف میدان عمل میں اتریں گے اور دوسری مزدور تنظمیوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے۔انہیں مل کر جدوجہد کرنے پر آمادہ کریں گے

مزید : میٹروپولیٹن 1