جذبہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مستحق و نادار بچیوں کی اجتماعی شادی کی تقریب

جذبہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مستحق و نادار بچیوں کی اجتماعی شادی کی تقریب

لاہور(فلم رپورٹر)جذبہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مستحق و نادار بچیوں کی اجتماعی شادی کی تقریب رائل پام گالف کنٹری کلب لاہور میں منعقد ہو ئی جس میں لیفٹینٹ جنرل (ر) خالد مقبول پریذیڈنٹ جذبہ فاؤنڈیشن، رمضان شیخ چیف ایگزیکٹو رائل پام کنٹری کلب، پرویز قریشی ڈائریکٹر رائل پام کنٹری کلب ،شاہد عبداللہ سی ای او سفائر گروپ آف کمپنیز کے علاوہ محمد یوسف بٹ ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ پنجاب، نصیر احمد خان ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ لاہور ڈویزن ،میاں وریام اقبال جوئیٹ سکرٹری جذبہ فاؤنڈیشن نے شرکت کی۔

تقریب میں 50اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا گیاجس کی تکمیل کے لئے 29لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی ۔جس سے 48مسلم بچیاں اور 2غیر مسلم بچیاں مستفید ہوئیں، جن کو بنیادی ضروریا ت زندگی کا سامان (ڈبل بیڈ، ڈریسنگ ٹیبل،مولٹی فوم،ڈنر سیٹ، سٹیل سیٹ، پیڈیسٹل فین،واشنگ مشین،استری اورکمبل) ان کے گھر کی دہلیز تک پہنچانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔معزز مہمانان گرامی نے جذبہ فاؤنڈیشن اور رائل پام کلب کی جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر مصیبت کے دور میں جذبہ فاؤنڈیشن اور رائل پام کلب پیش پیش رہی ہے ،چاہے سیلاب زدگان کو خوراک کی فراہمی کاوقت ہو، فنی تعلیم سے آراستہ مستحق بچوں و بچیوں کو محدود سطح کے کاروبار کے لئے فنڈز کا معاملہ ہویا نادارو غریب بچیوں کی شادی کا موقع ہو ، جذبہ فاؤنڈیشن کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ دکھی انسانیت ہر رنج و الم کی گھڑی میں جذبہ فاؤنڈیشن اوررائل پام کلب کی فراہم کردہ خدمات سے نہ صرف مطمئن رہی ہے بلکہ اس کی بروقت مدد کی معترف بھی رہی ہے۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے لیفٹینٹ جنرل خالد مقبول پریذیڈنٹ جذبہ فاؤنڈیشن نے کہا کہ جذبہ فاؤنڈیشن آئندہ چند ماہ میں 50سے100مزید مستحق و نادار بچیوں کی شادیوں کے اہتمام کا ارادہ رکھتی ہے اور اس پروگروام کا دائرہ کار دوسرے شہروں تک بھی پھیلانے کا ارادہ ہے تا کہ معاشرے کے مستحق افراد کی خدمت ہو سکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4