ڈرائیورگ سیکھنے کے لیے خواتین کی شرح میں اضافہ ہو گیا

ڈرائیورگ سیکھنے کے لیے خواتین کی شرح میں اضافہ ہو گیا

 لا ہور (کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر لاہو رطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ پولیس ڈرائیونگ سکول میں تربیت حاصل کرنے میں شہریوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی سٹی ٹریفک پولیس کی اچھی کارکردگی اور پولیس عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری اور لوگوں میں ٹریفک آگاہی کے باعث ڈرائیونگ سیکھنے میں خواتین کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ پولیس ڈرائیونگ سکول کے 35ویں بیج کی تقریب تقسیم سرٹیفکیٹس میں ایس پی ہیڈ کواٹرز امتیازالرحمن ،اٹلس ہنڈا کے جنرل مینجررانا توقیر، نیشنل سیفٹی مینجر تسلیم شجاع،اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ڈرائیونگ سکول میں اٹلس ہنڈا کے تعاون سے 1154خواتین سمیت 2770 افراد تربیت مکمل کرچکے ہیں جن میں 224 ڈاکٹر،109انجینئر،651اساتذہ ،8غیر ملکی اور23اعلی سرکاری افسران شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سیکھنے والی خواتین کے10بیج میں 517خواتین اپنی تربیت مکمل کرچکی ہیں ۔ چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ اور مہمانوں نے کامیاب ہونیوالے مرد و خواتین میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کئے ۔ سی ٹی او نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس ٹریفک قوانین کی پاسداری اور شہریوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی دینے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی اس کاوش نے پولیس عوام دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کیا ہے۔تقریب میں شریک جنرل مینجر اٹلس ہنڈارانا توقیرنے کہا کہ ٹریفک پولیس کا یہ اقدام نہایت خوش آئند ہے کہ ڈرائیونگ سکول میں تربیت کیلئے آنے والی خواتین کو چاردیواری میں بالکل گھر جیسا ماحول میسر ہے ۔روڈ سیفٹی اور لوگوں میں ٹریفک قوانین بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے اٹلس ہنڈا سٹی ٹریفک پولیس کے شانہ بشانہ ہے۔

مزید : علاقائی